1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معاشی مسائل کے شکار برطانیہ کے امیروں کی دولت میں 18 فیصد اضافہ

9 مئی 2011

برطانیہ میں امیر ترین افراد کی تازہ فہرست اور ان کی دولت کی تفصیلات سے معلوم ہوا ہے کہ معاشی مسائل سے دوچار اس ملک میں امیروں کی دولت میں ایک سال کے دوران 18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/11CGn
لکشمی مِتل
لکشمی مِتلتصویر: AP Photo

برطانوی اخبار ’سنڈے ٹائمز‘ میں جاری کردہ ’رِچ لسٹ‘ کے مطابق فولاد کے کاروبار سے منسلک بھارتی نژاد لکشمی مِتل کی دولت میں پانچ بلین پاؤنڈ کی کمی کے باوجود وہ اس برس بھی سرفہرست ہیں۔ یہ مسلسل ساتواں سال ہے کہ وہ برطانیہ کے امیر ترین فرد قرار پائے ہیں۔ لندن سے تعلق رکھنے والی ان کی کمپنی ’آرسیلور مِتل‘ کے اثاثوں میں گزشتہ ایک برس کے دوران 22 فیصد کمی ہوئی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران کسی بھی کمپنی کو ہونے والا یہ سب سے بڑا نقصان ہے۔ آرسیلور مِتل دنیا کی سب سے بڑی فولاد ساز کمپنی ہے۔

برطانیہ کے ایک ہزار امیر ترین افراد کی دولت عالمی اقتصادی بحران کے اثرات سے نکل چکی ہے اور ان ایک ہزار افراد کی مجموعی دولت گزشتہ ایک برس کے دوران بڑھ کر 395.8 بلین پاؤنڈ تک پہنچ گئی۔

برطانیہ میں ارب پتی افراد کی تعداد میں بھی رواں برس اضافہ دیکھا گیا ہے۔ نئی فہرست کے مطابق برطانیہ میں ارب پتی افراد کی تعداد اب 73 ہے۔ گزشتہ برس یہ تعداد 53 تھی۔ یاد رہے کہ 2008 کے عالمی اقتصادی بحران سے قبل برطانیہ میں ارب پتی افراد کی تعداد 75 تھی۔ رواں برس کے 73 ارب پتیوں میں 40 ایسے ہیں، جو برطانیہ میں ہی پیدا ہوئے۔

’آرسیلور مِتل‘ کے اثاثوں میں گزشتہ ایک برس کے دوران 22 فیصد کمی ہوئی
’آرسیلور مِتل‘ کے اثاثوں میں گزشتہ ایک برس کے دوران 22 فیصد کمی ہوئیتصویر: AP

روسی بزنس مین علی شیر عثمانوف کی دولت میں گزشتہ ایک برس کے دوران 7.7 بلین پاؤنڈز کا اضافہ ہوا اور وہ چھٹی سے اب دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ ان کی موجودہ دولت 12.4 بلین پاؤنڈ ہے۔ عثمانوف نے روس کی ایک لوہے اور فولاد سے منسلک کمپنی میں بہت بڑی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، جبکہ حال ہی میں برطانوی فٹبال کلب آرسنل کے کنٹرولنگ شیئرز حاصل کرنے کی ان کی کوشش برطانیہ میں ایک تنازعے کا بھی باعث بنی۔

برطانیہ کے نئے ارب پتی افراد میں چین کی 48 سالہ کاروباری خاتون Xiuli Hawken بھی شامل ہوئی ہیں۔ لندن میں مقیم ژولی ہاکن کی دولت کا اندازہ 1.06 بلین پاؤنڈ ہے اور وہ اس فہرست میں 61 ویں نمبر پر ہیں۔

ارب پتی افراد میں داخل ہونے والی ایک اور خاتون میری پرکنز ہیں۔ اپنے شوہر ڈگلس کے ساتھ مل کر ’سپیک سیورز‘ کے نام سے چشموں کی دکانوں کا ایک سلسلہ قائم کرنے والی پرکنز کی دولت کا اندازہ 1.15 بلین پاؤنڈ ہے۔

برطانوی امیروں کی دولت میں یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں دیکھا گیا ہے، جب حکومت ملک کو ایک ریکارڈ بجٹ خسارے سے نکالنے کے لیے ایک سخت بچتی پروگرام پر عملدرآمد کر رہی ہے۔

برطانوی امیروں کی موجودہ فہرست ان افراد پر مشتمل ہے، جو برطانیہ میں رہتے ہیں یا جن کے کاروباری آپریشن کا مرکز برطانیہ ہے۔ یہ فہرست ان افراد کی ظاہری دولت کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے، جس میں زمین، دیگر پراپرٹی یا مختلف کمپنیوں میں اعلان شدہ سرمایہ کاری شامل ہے۔ دولت کے اندازے میں ان افراد کے بینک اکاؤنٹس کو شامل نہیں کیا گیا۔

’دی سنڈے ٹائمز رِچ لسٹ‘ کے مطابق برطانیہ کے 10 امیر ترین افراد کی فہرست ذیل میں دی گئی ہے۔ فہرست میں ہر فرد کے کاروبار کے علاوہ اس کی دولت برطانوی پاؤنڈز میں دکھائی گئی ہے۔

  1. Lakshmi Mittal -- steel -- 17.514 billion
  2. Alisher Usmanov -- steel -- 12.4 billion
  3. Roman Abramovich -- oil, industry -- 10.3 billion
  4. The Duke of Westminster -- property -- 7 billion
  5. Ernesto and Kirsty Bertarelli -- pharmaceuticals -- 6.87 billion
  6. Leonard Blavatnik -- industry -- 6.237 billion
  7. John Fredriksen and family -- shipping -- 6.2 billion
  8. David and Simon Reuben -- property, Internet -- 6.176 billion
  9. Gopi and Sri Hinduja -- industry, finance -- 6 billion
  10. Galen and George Weston -- retailing -- 6 billion

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں