1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معاہدے کے نظریے پر نوبل انعام برائے معاشیات

عاطف بلوچ، روئٹرز
10 اکتوبر 2016

رواں برس کا نوبل انعام برائے معاشیات امریکا میں مقیم دو ماہرینِ معاشیات کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے، جنہوں نے معاہدے کے نظریے پر غیرمعمولی تحقیق کی۔

https://p.dw.com/p/2R5Gl
Schweden Bekanntgabe Wirtschafts-Nobelpreis 2016 in Stockholm
تصویر: Getty Images/AFP/J. Nackstrand

برطانوی نژاد امریکی ماہر اقتصادیات اولیور ہارٹ اور فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے بینگٹ ہولمسٹروم نے نظریہ معاہدت پر انقلابی تحقیق کرتے ہوئے وہاں پہنچا دیا ہے، کہ اسے انشورنس پالیسیوں، ایگزیکیٹیوز کی تنخواہوں اور حتیٰ کہ جیل کے انتظام میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ان دونوں ماہرین معاشیات نے کانٹریکٹ تھیوری، جسے پیچیدہ اور متنوع موضوعات کے لیے تفصیلی فریم ورک قرار دیا جا رہا ہے، تخلیق کی ہے۔ نوبل جیوری کے مطابق اس نظریے کو استعمال میں لا کر کام کی بنیاد پر اعلیٰ عہدیداروں کی تنخواہیں، انشورنس کمپنیوں میں ادائیگیوں اور عوامی شعبے کی نج کاری کی سرگرمیوں کو بہ خوبی انجام دیا جا سکتا ہے۔

جیوری کی جانب سے ان ماہرین کے لیے نوبل انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس نظریہ کے تحت اداروں اور پالیسیوں کی تخلیق کے لیے علمی اور دانش ورانہ بنیاد فراہم کر دی گئی ہے۔

Schweden Bekanntgabe Wirtschafts-Nobelpreis 2016 in Stockholm
جیوری نے یہ انعام معاہدے کے نظریے پر کام کرنے والے ماہرین کو دینے کا اعلان کیاتصویر: Reuters/TT News Agency/S. Stjernkvis

ان دونوں ماہرین نے علیحدہ علیحدہ تحقیق کرتے ہوئے اس نظریے کہ ایسے ٹولز تخلیق کر لیے ہیں، جن سے یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ اساتذہ، طبی شعبے کے کارکنان اور جیلوں کے محافظوں کی طے شدہ تنخواہیں ہونا چاہییں یا انہیں ان کی کارکردگی پر معاوضہ ادا کیا جانا چاہیے۔ اس طرح ان ماہرین نے عوامی شعبے مثلا اسکولوں، ہسپتالوں اور جیل خانوں کی بابت یہ بھی طے کر دیا ہے کہ کیا یہ حکومتی انتظام میں ہونا چاہیں یا نجی ملکیت میں۔

جیوری کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے، ’’ہارٹ اور ہولمسٹروم نے وہ نظریاتی آلے تخلیق کر دیے ہیں، جن سے زندگی کے معاہدوں اور اداروں کے انتظامات کے ساتھ ساتھ ان معاہدوں میں موجود باریک دراڑوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔‘‘

ہارٹ سن 1948ء میں پیدا ہوئے اور وہ اب امریکا کی ہاورڈ یونیورسٹی میں معاشیات کے پروفیسر ہیں، جب کہ 67 سالہ ہولمسٹروم امریکی ادارے میسیچوسیٹ ایسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں اقتصادیات اور مینیجمنٹ کے پروفیسر کے طور  پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔