1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

معجزہ نہ ہو سکا ،پاکستان نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ ہار گیا

20 نومبر 2016

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ بارش کی وجہ سے یہ ٹیسٹ میچ چاردنوں پر محیط تھا تاہم اس دوران کوئی بھی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

https://p.dw.com/p/2Sxjr
Welt T20 Cricket-Turnier zwischen Bangladesch und Neuseeland
تصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

ایک مرتبہ پھر پاکستان کے بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان نے دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کو صرف ایک سو پانچ کا رنز کا ہدف دیا گیا، جو اس نے دو وکٹوں پر ہی پورا کر لیا۔ میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں کل 171 رنز اسکور کیے، جس میں سب سے زیادہ یعنی چالیس رنز سہیل خان نے بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے دوسری اننگز میں اکسٹھ رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری اننگز میں محمد عامر اور اظہر علی نے ایک ایک وکٹ لی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے میچ کے ختم ہونے کے بعد کہا ،’’ نیوزی لینڈ کے بالروں کے صبر نے پاکستان کے خلاف جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے آج اتوار کو کافی حد تک مزاحمت کی گئی،’’ لیکن ہمارے بالروں نے اس موقع پر بھی تحمل کا مظاہرہ کیا اور جس کا صلہ انہیں جیت کی صورت میں ملا۔‘‘ صحافیوں سے اپنی بات چیت میں نیوزی لینڈ کے کپتان نے اپنے نئے کھلاڑیوں گرینڈہوم اور جیت راول کی کارکردگی کا خاص طور پر تذکرہ کیا۔ تیس سالہ ڈے گرینڈ ہوم کو ان کی شاندار بالنگ کے عوض مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

Misbah Pakistan Kapitän Misbah-ul-Haq Khan Niazi Cricket
کپتان مصباح الحق نیوزی لینڈ کا دورہ مختصر کر کے پاکستان روانہ ہو گئے ہیںتصویر: Tariq Saeed

  ماہرین کے مطابق بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے ہارنے کے بعد اس کامیابی سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعے سے ہیملٹن میں شروع ہو رہا ہے۔ اگر نیوزی لینڈ یہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ گزشتہ اکتیس برسوں میں اس کی پاکستان کے خلاف کسی ٹیسٹ سیریز میں پہلی فتح ہو گی۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نیوزی لینڈ کا دورہ مختصر کر کے پاکستان روانہ ہو گئے ہیں۔ ٹیم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصباح کے سُسر کی طبعیت انتہائی ناساز ہے،’’ مصباح کو یہ خبر اتوار کی صبح ملی اور میچ ختم ہونے کے ساتھ ہی وہ اپنی اہلیہ اور بیٹی کو لے کر ہوائی اڈے کی جانب روانہ ہو گئے۔‘‘ اب دوسرے ٹیسٹ میں ان کی جگہ اظہر علی کپتانی کی ذمہ داری ادا کریں گے۔