1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملتان میں دہشت گردی، 12 افراد ہلاک

8 دسمبر 2009

پاکستانی صوبہ پنجاب کے تاریخی شہر ملتان میں قاسم بیلہ کے علاقے میں ایک کار بم دھماکے سے 12افراد ہلاک ہوگئے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے بھی کم وقت میں صوبہ پنجاب میں یہ دوسرا پرتشدد واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/Kwah
تصویر: picture-alliance/ dpa

اطلاعات کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ ممبر صوبائی اسمبلی عامر احمد سعید نے واقعے میں آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ دھماکے سے بارہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دھماکے سے قریبی عمارت کا ایک حصہ بھی منہدم ہوگیا ہے اور متعدد افراد عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔


قاسم بیلہ میں کورکمانڈر کی رہائش گاہ، ایوی ایشن بیس اور دیگر اہم عمارتیں اور دفاتر بھی موجود ہیں۔ بم دھماکے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ ہسپتال اور نشتر ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

فی الحال کسی گروپ یا تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کہ تاہم مقامی مبصرین ان حملوں کو جنوبی وزیرستان میں جاری فوجی کارروائی کا ردعمل قرار دے رہے ہیں۔

گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک مصروف بازار میں ہونے والے یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ دھماکوں کے بعد مقامی دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی جسے گھنٹوں کی مشقت کے بعد قابو میں کیا جا سکا۔

خبر رساں ادارے

ادارت عاطف توقیر