1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملٹی وٹامن کا استعمال مفید نہیں

11 اکتوبر 2011

دنیا کے اکثر ملکوں میں وٹامن سپلیمنٹس استعمال کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے تاہم ایک نئی تحقیق کے مطابق لوگوں کو وٹامن سپلیمنٹس لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور عمر رسیدہ خواتین میں ان کا استعمال جلد ہلاکت کا سبب بن سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/12pwo
تصویر: Fotolia/Jasmin Merdan

امیریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے جریدے Archives of Internal Medicine میں شائع ہونے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ان سپلیمنٹس میں آئرن سب سے زیادہ تشویش کا باعث ہے جبکہ کیلشیم سے جلد موت کا کم خطرہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کا مقصد یہ دیکھنا تھا کہ 20 ارب ڈالر مالیت کی وٹامن سپلیمنٹ صنعت کا امریکی شہریوں کی عمریں بڑھانے میں کوئی کردار ہے یا نہیں۔ نصف سے زائد امریکی باشندے کسی نہ کسی طرح کی وٹامن گولیاں استعمال کرتے ہیں۔

محققین نے Iowa Women's Health Study کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جن میں 62 سال اوسط عمر کی 38 ہزار سے زائد خواتین کے پُر کیے ہوئے سروے بھی شامل تھے۔ ان خواتین نے 1986، 1997 اور 2004 میں سپلیمنٹس کے استعمال کی اطلاع دی تھی۔ سپلیمنٹس استعمال کرنے والی خواتین کا طرز زندگی صحت مندانہ تھا اور وہ تمباکو نوشی سے پرہیز کرتی تھیں، کم تیل والی غذائیں کھاتی تھیں اور باقاعدگی سے ایکسر سائز‍ کرتی تھیں۔ مگر اکثر واقعات میں ان کی موت اپنی اُن ہم عمر خواتین سے جلد ہوئی جو سپلیمنٹس استعمال نہیں کرتی تھیں۔

Gurke Gurkenscheiben
محققین نے کہا کہ غذائی سپلیمنٹس کے وسیع اور بڑے پیمانے پر استعمال کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی اور صرف قدرتی غذاؤں کا استعمال ہی کافی ہےتصویر: fotolia

محققین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سپلیمنٹس کے استعمال سے لوگوں کی عمریں طویل کرنے میں کوئی مدد نہیں مل رہی۔ تاہم ان کے استعمال سے مجموعی ہلاکتوں یا کسی بھی وجہ سے مرنے کے زیادہ خطرے کے درمیان تعلق ابھی اتنا واضح نہیں ہے۔

تحقیق میں شامل یونیورسٹی آف ایسٹرن فن لینڈ اور یونیورسٹی آف منیسوٹا کے محققین نے جریدے میں لکھا، ’’بہت سے عام استعمال ہونے والے غذائی اور وٹامن سپلیمنٹس یعنی ملٹی وٹامن، وٹامن بی سِکس، فولک ایسڈ اور منرلز یعنی آئرن، میگنیشیم، زنک اور کاپر کے استعمال سے ہلاکت کا زیادہ خطرہ دیکھا گیا۔‘‘

محققین نے کہا کہ دستیاب شواہد کی بناء پر غذائی سپلیمنٹس کے وسیع اور بڑے پیمانے پر استعمال کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی اور صرف قدرتی غذاؤں کا استعمال ہی کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نتائج سے ان شواہد کو تقویت ملتی ہے کہ بعض سپلیمنٹس جیسے کہ وٹامن ای، وٹامن اے اور بیٹا کیروٹین جسم کے لیے مضر ہو سکتے ہیں۔ اس لیے وٹامنز اور منرل سپلیمنٹس کا استعمال ایسے افراد کے لیے تجویز نہیں کیا جا سکتا، جو غذائی قلت کا شکار نہیں ہیں۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں