1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی حملہ آوروں کی تفصیلات جاری

Adnan Ishaq10 دسمبر 2008

بھارتی پولیس نے ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والے نو مبینہ دہشت گردوں کے تفصیلات جاری کر دی ہیں

https://p.dw.com/p/GCiI
تصویر: AP

بھارتی پولیس نے ممبئی حملوں میں ہلاک ہونے والے نو مبینہ دہشت گردوں کے تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ان تفصیلات میں ان کے نام، پتے اورتصاویرشامل ہیں۔ پولیس کے مطابق رہائشی پتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام حملہ آوروں کا تعلق پاکستان سے تھا اوران میں سے زیادہ ترضلع اوکاڑہ کے رہنے والے ہیں۔ پولیس کے مطابق انہیں یہ معلومات زیر حراست حملہ آورسے حاصل ہوئی ہیں۔

ممبئی پولیس کے سربراہ راکیش ماریہ نے گزشتہ روز آٹھ دہشت گردوں کی تصاویرجاری کرتے ہوئے کہا کہ نویں دہشت گرد کی لعش بری طرح جھلس چکی تھی اس وجہ سے اس کی تصویران میں شامل نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان افراد کے بارے میں معلومات ان کے پاس سے برآمد ہونے والے شناختی دستاویزات سے اوربہت سی معلومات زیر حراست حملہ آوراجمل امیرسے حاصل ہوئی ہے۔ ماریہ نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی عمریں 20 سے 28 سالوں کے درمیان ہیں اوران کا سرغنہ ڈیرہ اسمعیل خان کا ایک رہائشی اسمعیل خان ہے۔

حملہ آوروں کے نام یہ ہیں ، اسماعیل خان عرف ابو اسماعیل، بابرعمران عرف ابو، فہد اللہ عرف ابو فہد، جاوید عرف ابو علی ،شعیب، نذیر عرف ابو عمر، ناصر عرف ابو عمرحفیظ ارشد عرف بدا عبد الرحمان اورعبد الرحمان عرف عبد الرحمان چھوٹا۔ بھارت نے ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم لشکرطیبہ پرعائد کی ہے۔

اس سے قبل پاکستانی وزیرخارجہ شاھ محمود قریشی نے کہا کہ ممبئی حملوں میں ملوث کسی بھی مشتبہ شخص کو بھارت کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پاکستانی دہشت گردی میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس کے خلاف پاکستانی قانون کے تحت کاروائی کی جائے گیا۔ شاھ محمود قریشی نے مزید کہا ہے کہ، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن حملہ ہونے کی صورت میں وہ پوری طرح سے اپنا دفاع کرنے کو تیارہے۔