1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممتاز بھارتی اداکار اوم پوری انتقال کر گئے

علی کیفی اے ایف پی، پی ٹی آئی
6 جنوری 2017

ممتاز بھارتی اداکار اوم پوری حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ اُن کی عمر چھیاسٹھ برس تھی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر تھے، جہاں اُنہیں جمعے کے روز دل کا شدید دورہ پڑا۔

https://p.dw.com/p/2VO0j
Om Puri Schauspieler
British Actor
Attending the London premiere of the film "The Parole...
تصویر: picture-Alliance/Photoshot

1970ء کے عشرے میں  ایک مراٹھی فلم ’گھاشی رام کوتوال‘ سے اپنا کیریئر شروع کرنے والے اوم پوری نے بھارت میں بننے والی کئی ایک اہم فلموں کے ساتھ ساتھ کچھ پاکستانی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے اور اس وجہ سے متنازعہ بھی ٹھہرے۔

اوم پوری نے ’ایسٹ اِز ایسٹ‘ اور ’دی پیرول آفیسر‘ سمیت کئی ایک برطانوی فلموں میں بھی اداکاری کی۔ فلم ’گاندھی‘ میں اُن کا کردار اُن کی عالمی شہرت کا باعث بنا تھا۔ ابھی دو ہزار چودہ میں اُنہوں نے لیجنڈری برطانوی اداکارہ ہیلین میرن کے مد مقابل فلم ’دی ہنڈرڈ فُٹ جرنی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

اُنہیں فلم کے لیے اُن کی خدمات کے بدلے میں 1990ء میں بھارت کے چوتھے بڑے شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا تھا۔

مہیش بھٹ، اکشے کمار، جاوید اختر، کرن جوہر اور انوپم کھیر سمیت بھارتی فلمی صنعت کے متعدد ممتاز اداکار اور ہدایت کار اوم پوری کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

اُن کے قریبی دوست اور ڈائریکٹر اشوک پنڈت نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا:’’یہ سن کر دکھ اور افسوس ہوا ہے کہ ہمہ صفت اداکار آج علی الصبح دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔‘‘

ممتاز اداکار انوپم کھیر نے ٹویٹ کیا:’’اُنہیں بستر پر سکون اور خاموشی سے لیٹے ہوئے دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ ہمارے عظیم ترین اداکاروں میں سے ایک آج ہم میں نہیں رہا۔‘‘

فلمی شخصیات کے ساتھ ساتھ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں اوم پوری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور فلم اور تھیٹر کے لیے اُن کی خدمات کو یاد کیا ہے۔

اوم پوری 1950ء میں بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر انبالہ میں ایک پنجابی خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ اُنہوں نے پونے کے فلم اینڈ ٹیلی وژن انسٹیٹیوٹ سے گریجوایشن کی۔ وہ 1973ء میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے بھی طالبعلم تھے، جہاں نامور اداکار نصیر الدین شاہ اُن کے کلاس فیلو تھے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ اوم پوری نے بالی وُڈ سے لے کر ہالی وُڈ تک اور کمرشل فلموں سے لے کر آرٹ فلموں تک کئی ایک کرداروں کو یادگار بنا دیا۔ اُن کی یادگار فلموں میں ’آکروش‘، ’ماچس‘، ’گُپت‘، ’دھوپ‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ شامل ہیں۔

ہالی وُڈ میں اُنہوں نے جن فلموں میں کردار نبھائے، اُن میں ’سٹی آف جوائے‘، ’وولف‘ اور ’دی گھوسٹ اینڈ دی ڈارک نیس‘ شامل ہیں۔