1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موصل: داعش کی شکست انتہائی قریب

William Yang/ بینش جاوید خبر رساں ادارے
18 جون 2017

عراقی فورسز نے آج اتوار کے روز دہشت گرد گروپ داعش کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے شہر موصل کے اُس آخری حصے پر بھی چڑھائی کر دی ہے جو اس گروپ کے قبضے میں ہے۔ عراقی فورسز اسے فیصلہ کُن حملہ قرار دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2et6b
Irak Mossul
تصویر: Reuters/A.Konstantinidis

عراقی فورسز داعش کے سابق مضبوط مضبوط ترین گڑھ سمجھے جانے والے ملک کے شمالی شہر موصل کو اس دہشت گرد گروپ سے آزاد کرانے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ فوج نے مغربی موصل کے اُس آخری حصے کو گھیرے میں لے کر چڑھائی کردی  ہے، جہاں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادی چھپے ہوئے ہیں۔ موصل داعش کا عراق میں بڑا مرکز تصور کیا جاتا رہا ہے اور اس گروپ کا شہر کے تاریخی حصے پر ابھی تک کنٹرول موجود ہے۔

جہادیوں کے آخری ٹھکانے پر تین اطراف سے حملہ کیا گیا ہے۔ مغربی موصل کے جس قدیمی حصے پر چڑھائی کی گئی ہے، وہیں وہ نوری مسجد بھی واقع  ہے، جہاں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیڈر ابوبکر البغدادی نے سن 2014 میں خلافت کا اعلان کیا تھا۔

Irak Flüchtlinge Lebensmittelvergiftung
اقوام متحدہ کے مطابق داعش کے زیر قبضہ علاقے میں ابھی تک ایک لاکھ سے زائد سویلین پھنسے ہوئے ہیںتصویر: Reuters/A.Konstantinidis

عراقی فورسز کی طرف سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے نو ماہ قبل جس آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا، یہ حملہ اُس مقصد کے حصول کے لیے اختتامی کارروائی ثابت ہو گی۔ پیش قدمی کرتے ہوئی فوج کو خودکش حملوں اور بارودی سرنگوں کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ کئی جنگجو چھتوں پر بیٹھ کر فوجیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شہر کا مغربی تاریخی حصہ انتہائی گنجان آباد ہے اور تنگ گلیوں اور راستوں پر مشتمل ہے۔ اسی باعث اس علاقے میں آپریشن انتہائی پیچیدہ ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق داعش کے زیر قبضہ علاقے میں ابھی تک ایک لاکھ سے زائد سویلین پھنسے ہوئے ہیں اور انتہائی نا گفتہ بہ حالات کا شکار ہیں۔ ان شہریوں کو خوراک، پانی اور ادویات کی کمی کا سامنا ہے جبکہ طبی سہولیات تک ان کی رسائی نہ ہونے کے برابر ہے۔

عراقی فورسز کی طرف سے موصل کا قبضہ داعش سے چھڑانے کے لیے جاری اس آپریشن میں امریکی عسکری اتحاد کی طرف سے فضائی حملوں کی مدد بھی حاصل ہے۔