1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موصل میں داعش کو شکست دے دی، عراقی فورسز کا دعویٰ

عاطف بلوچ ڈی پی اے
8 جولائی 2017

عراقی فوج کامیاب پیشقدمی کرتی ہوئی داعش کے زیر قبضہ موصل شہر کے قدیمی علاقے میں داخل ہو گئی ہے۔ اس پیشرفت کو عراق میں داعش کی مکمل شکست کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ موصل ان جنگجوؤں کا آخری اہم ٹھکانہ قرار دیا جاتا تھا۔

https://p.dw.com/p/2gCGB
Irak Kampf um Mosul
تصویر: Reuters/E. De Castro

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے عراقی فوج کے حوالے سے آٹھ جولائی بروز ہفتہ بتایا ہے کہ موصل کے قدیمی علاقے میں داعش کے جہادیوں کو پسپا کر دیا گیا ہے جبکہ امریکی اتحادی فورسز کی مدد سے عراقی فورسز اب دریائے دجلہ سے کچھ میٹر ہی دور موجود ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جلد ہی وہاں بھی داعش کو مکمل طور پر شکست دے دی جائے گی۔

داعش کی علامتی مسجد پر عراقی دستوں کا قبضہ

موصل بد ترین انسانی بحران کے دہانے پر

مغربی موصل پر قبضے کے لیے فیصلہ کن جنگ شروع

موصل آپریشن کے ترجمان نے سرکاری ٹیلی وژن العراقیہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ بہت جلد ہی داعش کو مکمل شکست دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زمینی فوجیوں کو فضائیہ کی مدد سے بہت زیادہ مدد مل رہی ہے۔

عراقی فوج کے مطابق تازہ لڑائی میں داعش کے 35 جنگجو مارے گئے ہیں جبکہ چھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جنگجو مغربی موصل کے قدیمی علاقے سے فرار ہونے کی کوشش میں تھے کہ ملکی دستوں نے انہیں حراست میں لے لیا۔ تاہم اس آخری معرکے میں سرکاری فوجیوں کی ہلاکتوں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

گزشتہ کئی ہفتوں نے عراقی فورسز نے امریکی اتحادی فورسز کے تعاون سے موصل کا محاصرہ کر رکھا تھا جبکہ انتہائی احتیاط اور سست روی سے قدیمی شہر کی طرف پیشقدمی جاری رکھی ہوئی تھی۔ اس کی وجہ وہاں موجود شہری آبادی کا تحفظ یقینی بنانا بتایا گیا تھا۔

عراقی حکام کے مطابق اس انتہائی گنجان آباد علاقے میں داعش کے شدت پسندوں نے شہریوں کو یرغمال بنا رکھا تھا، جس کے باعث فوجی کارروائی میں مشکلات کا سامنا تھا۔

تاہم آخر کار عراقی فورسز نے قدیمی شہر کے ان آخری تین اضلاع میں بھی ان انتہا پسندوں کو شکست دے دی، جہاں یہ ٹھکانے بنائے ہوئے تھے۔ موصل کو داعش کا ایک اہم ٹھکانہ قرار دیا جاتا تھا اور اس مقام پر اس شدت پسند گروہ کی شکست کو اس تحریک کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

داعش نے جون سن دو ہزار چودہ میں موصل پر قبضہ کیا تھا جبکہ عراقی فوج نے رواں برس فروری میں اس شہر کی بازیابی کا باقاعدہ آپریشن شروع کیا تھا۔