1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر ریسنگ: بیلجیئم گراں پری میں کمی رائی کونن کی فتح

30 اگست 2009

فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کے مجموعی طور پر سترہ میں سے بارہواں گراں پری مقابلہ اتوار کو بیلجیئم میں شپا کے مقام پر منعقد ہوا۔ یہ ریس فن لینڈ کے کمی رائی کونن نے جیت لی۔

https://p.dw.com/p/JLij
تصویر: AP

فیراری ٹیم کے کمی رائی کونن کو چوتھی مرتبہ بیلجیئم کی یہ گراں پری ریس جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے جبکہ اُن کی ٹیم کے لئے موجودہ سیزن میں یہ پہلا اعزاز ہے۔ اب تک اُنہوں نے ایک سو اکیاون گراں پری ریسوں میں شرکت کی ہے اور یہ اُن کی مجموعی طور پر اٹھارویں کامیابی تھی۔

چوالیس راؤنڈز پر مشتمل یہ مقابلہ اُنہوں نے ایک گھنٹے، تیئیس منٹ اور پچاس اعشاریہ نو نو پانچ سیکنڈز میں طے کیا۔

ہفتے کے روز غیر متوقع طور پر پول پوزیشن حاصل کرنے والے فورس انڈیا ٹیم کے چھتیس سالہ اطالوی ڈرائیور جان کارلو فزی کیلا دوسرے نمبر پر رہے اور یوں اُنہوں نے اپنی ٹیم کو پہلی مرتبہ پوائنٹس دلوائے۔

Formel 1 in Spa Siegerehrung Flash-Galerie
کمی رائی کونن، جان کارلو فزی کیلا اور ، سیباستیان فَیٹل ایک ساتھتصویر: AP

جرمنی کے ریڈ بُل ٹیم کے سیباستیان فَیٹل نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے بھی وہ تیسری ہی پوزیشن پر ہیں۔ فَیٹل کے پوائنٹس کی تعداد اب بڑھ کر تریپن ہو گئی ہے اور یوں اُن کے پوائنٹس کی تعداد مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے پہلے نمبر پر جا رہے برطانیہ کے جینسن بٹن سے صرف اُنیس کم رہ گئی ہے۔

جینسن بٹن، جن کے اب تک بہتر پوائنٹس ہیں، اتوار کی اِس ریس میں پہلے ہی راؤنڈ میں چار گاڑیوں کے ایک دوسرے سے ٹکرا جانے کے نتیجے میں مقابلے سے خارج ہو گئے۔ اِس سال پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ بٹن مقابلے سے خارج ہو گئے۔ اُن کے ہم وطن اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے لیوئس ہیملٹن بھی پہلے ہی راؤنڈ میں مقابلے سے باہر ہو گئے۔ اتوار کی ریس میں جرمنی ہی کے ولیم سوار نِک روزبرگ آٹھویں نمبر رہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں