1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر سائیکلنگ، سیپانگ سرکٹ میں حفاظتی اقدامات ہوں گے

24 اکتوبر 2011

اتوار کے روز سیپانگ موٹر سائیکلنگ سرکٹ میں ریسنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے میں اطالوی موٹرسائیکلسٹ کی ہلاکت کے بعد اس ریسنگ ٹریک کے چیئرمین نے اعلان کیا ہے کہ اس سرکٹ میں حفاظتی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/12xo7
تصویر: AP

پیر کو سیپانگ انٹرنیشنل سرکٹ کے چیئرمین موخزانی مہاتیر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز پیش آنے والے اس حادثے سے سیپانگ انتظامیہ اور دنیا بھر میں موٹر سائیکل گراں پری سے محبت کرنے والوں کو دھچکا پہنچا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس ہلاکت کے لیے پیچیدہ ٹریک کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔

گزشتہ دو ویک اینڈز ریسنگ کی دنیا کے لیے خاصے بھیانک ثابت ہوئے، کیوں کہ ملائیشیا میں نوجوان اطالوی رائیڈر مارکو سیمون چیلی کی المناک موت سے صرف ایک ہفتہ قبل امریکی شہر لاس ویگاس میں اِنڈی کار ریسنگ میں ڈین وہیلڈن ایک کار حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔

سیمون چیلی کی موت کے ساتھ ہی کار اور موٹر سائیکل ریسنگ میں جان کے خطرے کے حوالے سے سوالات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سیپانگ انٹرنیشنل سرکٹ کے چیئرمین موخزانی مہاتیر کے مطابق اس ٹریک پر اس سنجیدہ نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے اور اب اس ریسنگ ٹریک میں حفاظتی امور کا ازسرنو جائزہ لیا جائےگا۔

موخزانی نے کہا کہ اس حادثے کی تحقیقات انٹرنیشنل موٹرسائیکلنگ فیڈریشن کرے گی۔ واضح رہے کہ ریس کے آغاز ہی میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد ریس منسوخ کر دی گئی تھی۔ موخزانی مہاتیر نے کہا کہ اپنی تفتیش کے بعد انٹرنیشنل فیڈریشن، حفاظتی صورتحال میں کسی ممکنہ بہتری کے لیے جو بھی سفارشات پیش کرے گی، سیپانگ انٹرنیشنل سرکٹ کی انتظامیہ ان پر پوری طرح عمل پیرا ہو گی۔

Marco Simoncelli
ہلاک ہونے والے اطالوی اسپیڈ اسٹارتصویر: AP

دارالحکومت کوالالمپور کے مضافات میں واقع سیپانگ انٹرنیشنل سرکٹ موٹر سائیکل ریسنگ کے حوالے سے ایک بڑا چیلنج تصور کیا جاتا ہے۔ اس کی وجہ یہاں گرمی، ہوا میں بہت زیادہ نمی اور بارش کا بار بار ہونا شامل ہے۔ تاہم گزشتہ روز جب یہ حادثہ پیش آیا، اس وقت نہ ہوا میں زیادہ نمی تھی اور نہ ہی بارش ہو رہی تھی۔

اب تک یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ اس حادثے کی اصل وجہ کیا ہوئی۔ تاہم ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ ٹریک پر پھسلنے کے بعد جب سیمون چیلی کی موٹر سائیکل گرنے کے بعد گھسٹتی ہوئی، ریسنگ ٹریک سے باہر کی طرف جا رہا تھی، تو اس وقت ان کا ہیلمٹ اتر گیا اور اسی وجہ سے انہیں سر پر شدید جوٹیں آئیں۔ ڈاکٹروں نے تقریبا ایک گھنٹہ تک انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم یہ چوٹیں جان لیوا ثابت ہوئیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کے سر کے علاوہ گردن اور سینے پر بھی شدید گھاؤ لگے تھے۔

اس حادثے کے باوجود سیپانگ ٹریک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ریسنگ ٹریک خاصا محفوظ ہے اور یہاں فارمولا ون کے ساتھ ساتھ دیگر ریسنگ مقابلے تواتر کے ساتھ جاری رہیں گے۔

موخزانی مہاتیر نے کہا، ’گو کہ یہ ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے تاہم یہ سرکٹ حفاظت کے اعلیٰ پیمانوں پر پورا اترتا ہے اور موٹر سپورٹس کی گورننگ باڈیز یہاں کی حفاظتی انتظامات کے جائزہ لیتی رہتی ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید