1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر سائیکل ساز ادارہ ٹرائمف، بھارتی منڈی کی جانب

29 جون 2011

موٹر سائیکل بنانے والی مشہور ومعروف برطانوی کمپنی ٹرائمف نے بھارت میں اپنے تجارتی مراکز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرائمف کے مطابق 2012ء تک یہ موٹر سائیکل بھارتی شو رومز میں موجود ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/11lX4
تصویر: dapd

ٹرائمف کمپنی کے ترجمان پاؤل ٹیلر نے بتایا کہ بھارت ایک ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقت ہے اور یہاں ٹرائمف موٹر سائیکلوں کی مانگ بڑھتی جا رہی ہے۔ ڈیٹونا 675، اسپرنٹ اور راکٹ تھری موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی ٹرائمف نے تنہا ہی بھارتی مارکیٹ کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی منڈی کے لیے ٹرائمف کی تیاری میں کسی بھی مقامی پارٹنر کی خدمات حاصل نہیں کی جائیں گی۔ ’’ٹرائمف بھارت میں تیار نہیں کی جائے گی بلکہ وہاں صرف ہمارے ڈیلرز ہوں گے۔ یہ منصوبہ اگلے برس موسم گرما تک پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا‘‘۔ ٹیلر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں آٹھ ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔ تاہم یہ کونسے ماڈلز ہوں گے، اس بارے میں انہوں نے تفصیلات نہیں بتائیں۔ ’’بھارت میں دو پہیوں کی سواری کے حوالے سے جنون پایا جاتا ہے‘‘۔

Flash-Galerie Motorshow Essen
ٹرائمف اگلے برس تک بھارت میں اپنے آٹھ ماڈلز متعارف کرائے گاتصویر: swelte/Hertrampf-Ducati

برطانوی کمپنی کے مطابق بھارتی منڈی اس لیے پرکشش ہے کہ وہاں اسکوٹر اور موٹر سائیکل کا استعمال بہت زیادہ ہے اور یہ اس حوالے سے چین کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ 1.2بلین کی آبادی والے ملک بھارت میں تقریباً نصف آبادی 25 سال سے کم عمر ہے اور اسی وجہ سے موٹر سائیکل چلانے کا رجحان بہت زیادہ ہے۔ اس سے قبل بھارت میں بی ایم ڈبلیو، ڈوکاٹی، یاماہا اور امریکی کمپنی ہارلی ڈیوڈسن بھی بھارت میں اپنے شو رومز قائم کر چکی ہیں۔

بھارت میں گزشتہ مالی سال کے دوران 9.02 ملین موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں یہ شرح تیس فیصد زیادہ ہے۔ ٹرائمف کمپنی کے ترجمان پاؤل ٹیلر نے کہا کمپنی نے بہت سوچ سمجھ کر بھارتی منڈی کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : امجد علی