1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر ساز ادارے اوپل کا مستقبل خطرے میں

24 اگست 2009

جنرل موٹرز کی مالی مشکلات کی شکار جرمن شاخ اوپل کا مستقبل ا ب بھی قطعی غير واضح ہے۔ جرمن حکومت اوپل کو کينيڈين آسٹرين فرم ميگنا کے ہاتوں فروخت کرنا چاہتی ہے ليکن جنرل موٹرزاس پر تيار نہيں ہے۔

https://p.dw.com/p/JHMO
جنرل موٹرز کی جرمن شاخ اوپل مالی مشکلات کا شکار ہےتصویر: AP

امريکہ کی عالمی سطح کی موٹر ساز کمپنی جنرل موٹرز نے ابھی تک يہ فيصلہ نہيں کيا ہے کہ جرمنی میں اس کی ذیلی کمپنی اوپل کس کو فروخت کی جائے۔ جرمنی ميں اس فيصلے ميں تاخير پر بے چينی اور ناراضگی پائی جاتی ہے۔ جرمن چانسلر ميرکل نے کہا کہ اوپل کے کارکنوں اور معاشی صورتحال کے لئے ہر گذرنے والا دن اہم ہے۔ جرمن وزيرماليات شٹائن بروک نے اپنے خيالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’جرمنی ميں ہم سب کو اس پر مايوسی ہے کہ جنرل موٹرز نے ابھی تک اوپل کے بارے ميں کوئی فيصلہ نہيں کيا ہے۔ اگر اس ميں مزيد تاخير کی گئی تو يہ بہت بڑا مسئلہ بن جائے گا ۔ امريکہ ميں تمام ذمے دار افراد کو يہ علم ہونا چاہئے کہ ہم ميگنا فرم کے ہاتھوں اوپل کی فروخت کے حامی ہيں۔‘‘

General Motors GM-Händler
اوپل کی میگنا کو ممکنہ فروخت جنرل موٹرز کے لئے مسئلہ بن گئی ہےتصویر: AP

تاہم جنرل موٹرز امريکی حکومت کی طرف سے ملنے والے کئی ارب ڈالرز کی مدد سے اپنی مالی صورتحال کو بہتر بنا چکی ہے اوراب اسے اپنی جرمن شاخ اوپل کو فروخت کرنے کی کوئی جلدی معلوم نہيں ہوتی۔ يہی نہيں بلکہ اس مفروضے کے درست ہونے کی کئی علامات نظر آتی ہيں کہ جنرل موٹرز ، اب اوپل کو فروخت کرنے کے بجائے، يورپی ٹيکس دہندگان کی رقوم کی مدد سے اوپل کی مالی اور تجارتی حالت کو بہتر بنانے کاکام خود کرنا چاہتی ہے۔

ايک بات بہرحال طے نظر آتی ہے کہ جنرل موٹرز یورپ میں اپنے ذیلی ادارے اوپل کو جرمن حکومت کے پسنديدہ خريدار آسٹرين۔کينيڈنن فرم ميگنا کے ہاتھوں فروخت نہيں کرنا چاہتی۔ ميگنا ميں روسی فرمز بھی شامل ہيں اور اگر ميگنا نے اوپل کو خريد ليا تو اس طرح روس کو اپنی خراب حال اور پرانی موٹر ساز صنعت کے لئے جديد تکنيک حاصل کرنے کا سنہری موقع مل جائے گا۔ روس ، موٹر گاڑيوں کی تیزی سے پھيلتی ہوئی ایک منڈی ہے اور جنرل موٹرز وہاں خود کاريں تيار اور فروخت کرنا چاہتا ہے ۔ جرمنی کی آٹو موبائل صنعت کے ماہر روتھر نے کہا: ’’روس، مغربی نو ہاؤ کی مدد سے خود اپنی کار لادا کو جديد تکنيکی معيار پر لانا چاہتا ہے۔ روس کی منڈی تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور جديد تکنيک کے حصول کے بعد روسی موٹر ساز صنعت جنرل موٹرز کے لئے روسی منڈی ميں ايک طاقتور حريف بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جنرل موٹرز خود کو ايک بین الاقوامی کمپنی سمجھتی ہے اور وہ يورپ ميں اپنی موجودگی برقرار رکھنا چاہتی ہے۔‘‘

امریکی شہر ڈيٹرائٹ ميں جنرل موٹرز کی انتظاميہ کہ خواہش ہے کہ رپل ووڈ کمپنی اوپل کے اکثريتی حصے کو خريد کر اس کی مالی کاروباری حالت کو سدھارے اور پھر جنرل موٹرز اوپل کو دوبارہ خريد لے۔ اوپل جنرل موٹرز کے لئے بہت اہم ہے۔ يہيں،چھوٹی گاڑياں تيار ہوتی ہيں اور جدید انجن ايجاد کئے جاتے ہيں۔

رپورٹ: کارل سوادسکی /شہاب احمد صديقی

ادارت: عدنان اسحاق