1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موہالی میں آسٹریلیا نے بھارت کو ہرا دیا

2 نومبر 2009

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے بھارت کے خلاف چوتھا ون ڈے میچ 24 رنز سے جیت کر سات میچوں پر مبنی اس ون ڈے سیریز کو فی الحال دو۔دو سے برابر کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/KLtR
تصویر: AP

آج بھارتی شہر چندی گڑھ کے موہالی سٹیڈیم میں بھارت نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

آسٹریلیا نے بھارت کے سامنے جیت کے لئے 251 رنز کا ہدف رکھا۔ اگرچہ بھارت نے اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا تاہم بعد میں ٹیم کی وکٹیں جلد گرتی چلی گئیں۔ آسٹریلیا کے آل راوٴنڈر شین واٹسن اور ڈی بولینجر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ واٹسن نے انچاس رنز بھی بنائے تھے۔ وہ اپنی آل راوٴنڈ کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ قرار پائے۔

بھارت کی جانب سے اوپنرز سچن تندولکر چالیس اور وریندر سہواگ تیس رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے کپتان رکّی پونٹنگ اور وائٹ نے نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ ان فارم مائک ہسی نے چالیس رنز بنائے۔

India Australien Kricket
بھارت نے دوسرا اور تیسرا ون ڈے میچ جیتا تھاتصویر: AP

آسٹریلیا نے اس سیریز کے پہلے میچ میں چار رنز سے جیت حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد اسے بھارتی ٹیم کے ہاتھوں ناگپور اور دہلی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دریں اثناء آسٹریلوی ٹیم میں انجری لسٹ طویل ہوتی جا رہی ہے۔ پہلے مائیکل کلارک، وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن، بولر نیتھن بریکن اور بیٹسمین فیرگوسن زخمی ہونے کے سبب بھارت کا دورہ ہی نہیں کرسکے اور اب بھارتی دورے پر جیمز ہوپس، بریٹ لی اور وکٹ کیپر پین یکے بعد دیگرے زخمی ہوتے چلے گئے۔ اس پریشانی کے سبب آسٹریلیا کو کم تجربے والے کھلاڑیوں پر ہی انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔

رپورٹ : گوہر نذیر

ادارت : مقبول ملک