1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موہالی ٹیسٹ میں بھارت کی پوزیشن مستحکم

خبر رساں ادارے22 دسمبر 2008

بھارت نے انگلینڈ کے خلاف موہالی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کردی ہے۔ چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک بھارت نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 134 رن بناکر انگلینڈ کے خلاف 285 رنوں کی برتری حاصل کرلی ۔

https://p.dw.com/p/GLNc
موہالی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں گوتم گمبھیر نے سنچری سکور کی اور دوسری اننگز میں وہ ابھی بھی ناٹ آوٴٹ ہیںتصویر: AP

انگلینڈ نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں چھہ وکٹوں کے نقصان پر 282 رن بنائے تھے لیکن آج صبح بھارتی آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرکے انگلینڈ کو پریشان کردیا۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم بالآخر 302 رنوں پر آوٴٹ ہوگئی۔

Kevin Pieterson und Munaf Patel
انگلینڈ کے کپتان کیون پیٹرسن کی سنچری کے باوجود موہالی ٹیسٹ میچ پر بھارت کی گرفت مضبوط ہےتصویر: AP

انگلینڈ کی طرف سے کپتان کیون پیٹرسن نے شاندار 144اینڈریو فلینٹاف نے 62 اور افتتاحی بیٹسمین الیسٹئر کوک نے پچاس رنوں کی اننگز کھیلیں۔ بھارت کی جانب سے ہربھجن سنگھ نے چار جبکہ میڈیم پیسر ظہیر خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

Gautam Gambhir und Rahul Dravid
موہالی ٹیسٹ میں راہل ڈراوڈ اور گوتم گمبھیر نے پہلی اننگز میں سنچریاں سکور کیںتصویر: AP

بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں گوتم گمبھیر اور راہل ڈراوڈ کی شاندار سنچریوں کی بدولت 453 رن سکور کئے تھے۔ گوتم گمبھیر نے 179اور راہل ڈراوڈ نے کافی عرصے بعد فارم میں آکر 136 رنوں کی اننگز کھیلی۔

دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بھارتی شہر چنئی میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے سچن تندولکر اور یوراج سنگھ کی زبردست کارکردگی کے نتیجے میں انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح حاصل کی۔

دو میچوں پر مبنی اس ٹیسٹ سیریز میں بھارت کو انگلینڈ پر ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ اس سے قبل محدود اووروں کی سیریز میں بھی بھارت کی کارکردگی شاندار رہی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم کوئی میچ جیت نہیں سکی تھی۔