1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موہالی ٹیسٹ میں سہواگ کی ریکارڈ کارکردگی

2 اکتوبر 2010

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان موہالی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے۔

https://p.dw.com/p/PSyE
تصویر: AP

جمعے کو پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنا کر اپنی پوزیشن کافی بہتر کر لی تھی۔ ہفتے کے روز آسٹریلیا کی پہلی اور مجموعی طور پر چھٹی وکٹ 275 کے سکور پر گری۔

دوسرے دن کے آخری سیشن میں مہمان ٹیم 151.4 اوورز میں 428 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے شین واٹسن نے 126 رنز بنائے، کپتان رکی پونٹنگ 71 کے ذاتی سکور پر رن آوٹ ہوئے جبکہ ٹم پین 92کے سکور پر لکشمن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے اور یوں صرف آٹھ رنز کے فرق سے اپنی پہلی ٹیسٹ سینچری بنانے میں ناکام رہے۔

بھارت نے اپنی اننگز میں دوسرے روز کے آخری 21 اورز کے کھیل میں دو وکٹوں کے نقصان پر 110رنز بنا لئے۔ ان میں اوپنر سہواگ کے 59 رنز بھی شامل تھے۔ دراوڈ اس وقت 21 کے ذاتی سکور پر ناٹ آوٹ ہیں جبکہ کریز پر موجود دوسرے کھلاڑی اشانت شرما ہیں جنہوں نے ابھی تک کوئی رن نہیں بنایا۔

آسٹریلوی اننگز میں بھارت کی طرف سے ظہیر خان نے 94 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے جبکہ ہربھجن سنگھ نے 141 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارتی اننگز میں اب تک گر نے والے دونوں وکٹ مچل جانسن نے حاصل کئے، جنہوں نے چھ اوورز میں 29 رنز دئے۔

بھارت کی طرف سے سہواگ نے جو 59 رنز بنائے، وہ ان کا گیارہ مسلسل ٹیسٹ میچوں میں 50 یا اس سے زیادہ رنز سکور کرنے کا وہ ریکارڈ تھا جو ان سے پہلے ویسٹ انڈیز کے رچرڈز اور بھارت کے گوتم گمبھیر نے بنایا تھا اور جسے اب سہواگ نے برابر کر دیا ہے۔ سہواگ نے 54 گیندوں پر 10چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں