1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرت کا سفر : کسی کا لخت جگر مِلا، کسی کا جُدا ہوا

عاصم سليم7 جون 2016

ليبيا سے مہاجرين کی يورپ ہجرت ميں کافی تيزی آئی ہے اور اسی دوران بحيرہ روم ميں ہلاکتوں کی تعداد بھی کافی بڑھ گئی ہے۔ ايک واقعے ميں ايک خاندان کا بيٹا ان سے ہميشہ کے ليے بچھڑ گيا اور ايک عورت اپنے اہل خانہ سے مل گئی۔

https://p.dw.com/p/1J1z1
تصویر: DW/K. Zurutuza

شمالی افريقہ ميں ليبيا سے يورپی رياست اٹلی کی جانب گامزن ماہی گيری کے ليے استعمال ميں آنے والی اس کشتی پر سات سو سے زائد مہاجرين سوار تھے۔ ساميہ ليلیٰ کئی مردوں کے بيچ ايک طرف دبی بيٹھی تھی تو ايک کونے ميں رشيد جاقالی اپنی اہليہ، بيٹی اور دو بيٹوں کے ہمراہ بيٹھا تھا۔ جاقالی کے بيٹے مخالف سمت ميں بيٹھے تھے اور درميان ميں سينکڑوں لوگ موجود تھے۔ جب بالآخر مدد پہنچی تو ہر طرف افراتفری پھيل گئی۔ ڈرے سہمے لوگوں نے کوئی پرواہ کيے بغير کشتی سے اترنے کی کوشش کی۔ لوگوں کے ہجوم سے لڑتے جھگڑتے ليلیٰ کشتی سے اترنے والی پہلی تھی اور پھر کچھ دير ميں رشيد جاقالی، اس کی اہليہ، بيٹی اور ايک بيٹا بھی کشتی سے اتر گئے۔ اسی اثناء ميں لڑکھڑاتی کشتی سمندر ميں الٹنے لگی اور ارد گرد موجود ريسکيو حکام اور بچا ليے جانے والے اپنے پياروں کو موجوں کی نظر ہوتا ديکھتے رہے۔ رشيد جاقالی کے بڑے بيٹے محمد نے اپنے اہل خانہ کو آخری الفاظ بس يہی کہے کہ ’ميں آ رہا ہوں‘ ليکن اس کے فوری بعد وہ کچھ ہو گيا، جو اس نے سوچا تک نہ تھا۔

مہاجرين کے ليے موسم سرما ’اميد کی کرن‘ کی حيثيت رکھتا ہے ليکن حقيقت يہ ہے کہ يہ موسم سب سے زيادہ ہلاکتوں کا سبب بھی بنتا ہے۔ گرمی کے موسم ميں سمندر مقابلتاً پر سکون ہوتے ہيں اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہزاروں، لاکھوں لوگ بحيرہ روم کا سفر طے کرتے ہيں۔ ان ميں کئی اپنی منزل تک نہيں پہنچ پاتے۔ جس کشتی پر ليلیٰ اور رشيد جاقالی سوار تھے اس کے پچيس مئی کے دن سمندر ميں ڈوبنے کے نتيجے ميں ڈھائی سو افراد کی موت واقع ہوئی۔

Libyen Flüchtlinge aus Afrika auf dem Weg nach Europa verhaftet
تصویر: picture-alliance/AA/H. Turkia

پينتاليس سالہ کُرد رشيد جاقالی کا تعلق شمالی شام سے ہے اور وہ ليبيا اس ليے منتقل ہو گيا تھا تاکہ کُرد مليشيا اس کے بيٹوں کو بھرتی نہ کر لے۔ وہ سن 2013 ميں اپنے چھوٹے بيٹے یحیحیٰ کے ہمراہ ليبيا گيا تھا جبکہ باقی اہل خانہ ايک برس بعد وہاں پہنچے۔ ليبيا ميں جاقالی خاندان کا گزر بسر کافی مشکل رہا۔ نتيجتاً انہوں نے جرمنی جا کر پناہ لينے کا فيصلہ کيا اور بڑی مشکل سے بارہ سو ڈالر کی مدد سے ايک اسمگلر کا سہارا ليتے ہوئے اپنا سفر شروع کيا۔

دريں اثناء اسی سفر پر ليلیٰ بھی ان کے ساتھ تھی۔ وہ بھی شام سے فرار ہو کر ليبيا پہنچی مگر اسے بھی ليبيا راس نہ آيا۔ سن 2013 ميں جب طرابلس ميدان جنگ بنا تو اس کا خاوند اور دو بچے جرمنی چلے گئے۔ ليلیٰ سمندر کے سفر سے خوفزدہ تھی اور اسی ليے اس نے فيصلہ کيا کہ وہ بعد ميں فيملی ری يونين پروگرام کے توسط سے جرمنی چلی جائے گی۔ پھر کچھ يوں ہوا کہ جرمنی ميں اس کے خاوند کی دستاويزی کارروائی تاخير کا شکار ہو گئی اور اسی دوران اس کے شامی پاسپورٹ کی مدت ختم ہو گئی۔ ليلیٰ نے اپنا سب کچھ بيچ کر ساڑھے چار سو ڈالر کے عوض جرمنی پہنچنے کا فيصلہ کر ليا۔ ليلیٰ کے بقول وہ اندر ہی اندر مر رہی تھی اور اسی ليے اس نے اپنے خوف پر قابو پاتے ہوئے اپنے اہل خانہ کے پاس جانے کا فيصلہ کر ہی ليا۔

سن 2014 سے اب تک بحيرہ روم ميں ڈوب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہزار ہے
سن 2014 سے اب تک بحيرہ روم ميں ڈوب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہزار ہےتصویر: Reuters/Marina Militare

پھر وہ رات آئی جب ليلیٰ اور رشيد جاقالی نے اپنے خاندان کے ساتھ سفر شروع کيا۔ وہ سب کچھ جو انسانوں کے اسمگلروں نے ان لوگوں کو بتايا تھا، وہ جھوٹ تھا۔ ابتداء ميں بيس افراد کی گنجائش والی کشتيوں پر ستر ستر افراد کو بٹھايا گيا۔ بعد ازاں انہيں ماہی گيری کے ليے استعمال ميں آنے والی بڑی کشتی پر بٹھا ديا گيا۔ چھ گھنٹوں کے سفر کے بعد کشتی کا انجن رک گيا۔ کشتی چلانے والے نے تمام مہاجرين کو بتايا کہ قريب چاليس منٹ ميں اطالوی جہاز مدد کے ليے پہنچيں گے۔ مدد پہنچی تو سہی ايک ايک خاندان کے لخت جگر کی ہلاکت اور ايک دوسرے کے ملاپ کا سبب بنی۔ ريسکيو ٹيموں نے جب لائف جيکٹس پانی ميں پھينکيں، تو انہيں حاصل کرنے کے ليے پھيلنے والی افرتفری کے نتيجے ميں کشتی توازن برقرار نہ رکھ پائی۔

اس واقعے کے چھ دن بعد جاقالی خاندان کو ان کے سترہ سالہ بيٹے محمد کی ہلاکت کے بارے ميں مطلع کر ديا گيا۔ دوسری جانب ليلیٰ جرمنی کے سفر پر گامزن ہوئی۔