1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مہاجرين کے خلاف حملوں ميں شدت اور نئی عُمق‘

عاصم سليم15 مئی 2016

وفاقی جرمن پوليس کے سربراہ نے مہاجرين کے خلاف دائيں بازو کے رجحانات کے حامل افراد کے ممکنہ حملوں سے متنبہ کیا ہے۔ ان کے بقول سال رواں ميں بھی اب تک مہاجر کيمپوں کو نذر آتش کيے جانے کے پينتاليس واقعات رونما ہو چکے ہيں۔

https://p.dw.com/p/1Io7p
تصویر: picture-alliance/dpa/B. von Jutrczenka

جرمنی ميں پناہ گزينوں کے خلاف ہونے والے حملوں ميں شدت اور نئی عُمق دیکھنے میں آ رہی ہے۔ يہ بات جرمنی کے جرائم کے وفاقی پوليس دفتر (BKA) کے سربراہ ہولگر مُنچ نے ايک انٹرويو ميں کہی ہے۔ جرمنی کے ’فُنکے ميڈيا گروپ‘ سے بات چيت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بالخصوص حملوں ميں تشدد کے عنصر ميں اضافہ حکام کے ليے باعث تشویش ہے۔ مُنچ نے بتايا کہ اس سال اب تک مہاجرين کی رہائش گاہوں کو نذر آتش کيے جانے کے پينتاليس واقعات رپورٹ کيے جا چکےہيں۔

اپنے انٹرويو ميں پوليس چيف نے بتايا کہ، ’’مہاجرين کے خلاف حملے کرنے والے زیادہ تر مرد حملہ آور ہوتے ہیں جن میں سے اسی فيصد کا تعلق اسی علاقے سے ہوتا ہے، جہاں وہ حملہ کرتے ہيں۔‘‘ ہولگر مُنچ نے کہا کہ گرچہ تاحال اس حوالے سے کوئی شواہد نہيں ملے ہيں کہ ايسے حملوں کی منصوبہ بندی، دائيں بازو کے انتہا پسند گروہوں کی جانب سے قومی سطح پر کی جا رہی ہے تاہم يہ خدشہ ضرور موجود ہے کہ کسی نہ کسی وقت ايسا ہو سکتا ہے۔ مُنچ کے بقول يہ خطرہ بھی حقيقی ہے کہ مہاجرين مخالف سوچ مستقبل ميں ’جرائم پيشہ اور دہشت گردانہ ڈھانچوں‘ کے قيام کا سبب بن سکتی ہے۔ وفاقی جرمن پوليس کے سربراہ کے مطابق پوليس اس ممکنہ خطرے کا سنجيدگیسے جائزہ لے رہی ہے۔

جرمنی کے جرائم کے وفاقی پوليس دفتر (BKA) کے سربراہ ہولگر مُنچ
جرمنی کے جرائم کے وفاقی پوليس دفتر (BKA) کے سربراہ ہولگر مُنچتصویر: picture-alliance/dpa/K. Gabbert

يہ امر اہم ہے کہ مہاجرين کے بحران سے متعلق برلن حکومت کی مقابلتاً نرم پاليسی کے خلاف حاليہ کچھ ماہ ميں مخالفت بڑھ گئی ہے اور زيادہ منظم صورت ميں سامنے آ رہی ہے۔ اس کی ايک مثال جرمنی کے ليے متبادل (AfD) نامی جماعت اور اسلام مخالف تنظيم پيگيڈا کی عوامی سطح پر مقبوليت ميں اضافہ ہے۔ گزشتہ برس سياسی پناہ کے متلاشی ايک اعشارہ دو ملين مہاجرين جرمنی پہنچے۔

ہفتے کو چھپنے والے اپنے انٹرويو ميں جرائم کے انسداد کے وفاقی جرمن پوليس کے ادارے کے سربراہ ہولگر مُنچ نے ’انتہا پسند اسلام‘ کے پھيلاؤ کو روکنے کے ليے جرمنی ميں موجود مسلمان برادری پر بھی زور ديا کہ وہ اس سلسلے ميں زيادہ فعال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ برادريوں کو يہ سمجھنے ميں مشکل پيش آ رہی ہے کہ ’انتہا پسند‘ ان کے مذہب کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہيں۔ منچ کے بقول اماموں کو اس سلسلے ميں مزيد اقدامات کرنا ہوں گے۔ پوليس چيف اس بارے ميں بھی فکر مند ہيں کہ انتہا پسند سلفی مسلمان جرمنی ميں پناہ کے ليے آنے والے مہاجرين کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے انہيں اپنی جانب راغب کر سکتے ہيں۔

Infografik Karte Flüchtlingsfeindliche Vorfälle 2016 EN