1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین اٹلی کے شہر میلان کی صفائی میں مصروف

صائمہ حیدر
14 دسمبر 2017

اٹلی کے شہر میلان کی صفائی کے لیے مقامی بلدیہ کے ایک منصوبے کے تحت مہاجرین کی پہلی ٹیم نے کام شروع کر دیا ہے۔ کام کا آغاز شہر کے مرکزی اسٹیشن اور ویا پاڈووا کے علاقے سے کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2pMIX
Griechenland pakistanische Migranten Leben in Flüchtlingscamps in Athen
تصویر: Iftikhar Ali

 مہاجرین کی خبروں کی یورپی ویب سائٹ انفو مائیگرنٹ کے مطابق بیلا میلانو یا ’خوبصورت میلان‘ نامی یہ پروجیکٹ بے روز گار تارکین وطن اور ایسے افراد کو شہر کی صفائی ستھرائی میں مشغول کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے جنہوں نے اٹلی کی شہریت کی درخواست دے رکھی ہے۔

اس مقصد کے لیے بنائی گئی پہلی چار ٹیموں نے صفائی کے پہلے مر‌حلے میں شہر کے مرکزی اسٹیشن اور ویا پاڈووا کے علاقے سے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

ان چار گروپوں میں دو تارکین ِ وطن، ایک بے روزگار شخص اور ’ویسٹی سولیڈالے‘ نامی کمپنی سے ایک ٹیم لیڈر شامل ہیں۔ یہ افراد ہفتے میں چھ روز میلان شہر کی گلیوں، سڑکوں اور چوراہوں کی صفائی کے حوالے سے آپس میں رابطے میں رہتے ہیں۔

اس منصوبے کا ہدف صفائی کے لیے ٹیموں کی تعداد بیس تک بڑھا کر شہر بھر کو کوڑے سے پاک کرنا ہے۔ یہ ٹیمیں میلان کی کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے والی ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔ یہ ٹیمیں میلان کے پارکوں کی صفائی بھی کریں گی جہاں بے گھر افراد ڈیرہ ڈالے رہتے ہیں۔ علاوہ ازیں گتّا، کاغذ اور ری سائیکل کیا جانے والا دیگر مواد جمع کرنا بھی ان کے فرائض میں شامل ہو گا۔

اٹلی پہنچنے والے پناہ گزینوں کی عزت نفس بحال کرنے کے لیے ایسی مختلف سرگرمیاں سن 2016 میں شروع کی گئی تھیں۔ اسی ضمن میں ماحول کے لیے کام کرنے والی اطالوی تنظیم ’لیگ امبیاینٹے‘ کی جانب سے شروع کیے ایک منصوبے ’ لیٹ اَس کلین دی ورلڈ‘ میں پانچ سو مہاجرین نے حصہ لیا تھا۔

تارکین وطن کی جانب سےرضاکارانہ کاموں میں حصہ لینے کا یہ دوسرا سال ہے۔ شہر کی بلدیہ نےان میں سے بعض کو اُن کے اس کام کے لیے سرٹیفیکیٹ بھی دیے ہیں۔ میلان شہر کی بلدیہ کے ایک کونسلر کا کہنا ہے کہ یہ ایک خوبصورت منصوبہ ہے جس میں رضا کار، شہری اور تارکین وطن سب ہی حصہ لے رہے ہیں۔