1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کو روک کر ترکی یورپ میں ویزا فری انٹری کی راہ پر

عاطف توقیر3 مئی 2016

یورپی یونین کے انتظامی دفتر کا کہنا ہے کہ ترک شہریوں کے لیے یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے سفر کے لیے ویزا شرائط میں نرمی پر غور کیا جا رہا ہے۔ ترکی اور یورپی یونین کی مہاجرین کے حوالے سے ڈیل میں یہ نکتہ اہم تھا۔

https://p.dw.com/p/1Ih08
Türkei Merkel besucht Flüchtlingslager in Gaziantep
تصویر: picture alliance/dpa/S. Suna

مارچ میں یورپی یونین اور ترکی کے درمیان مہاجرین کے موضوع پر طے پانے والی ڈیل میں ترک شہریوں کے لیے یورپی یونین کے شینگن ممالک کے سفر کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا نکتہ بھی شامل تھا۔ یورپی کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ ترک باشندوں کے لیے ویزا کی شرائط میں نرمی پر غور کر رہا ہے۔ اس سے قبل ترکی نے دھمکی دی تھی کہ اگر ترک شہریوں کے لیے یورپی ممالک کے سفر کے لیے پیشگی ویزے کی شرط ختم نہ کی گئی، تو وہ مہاجرین کے حوالے سے طے کردہ ڈیل پر عمل درآمد روک دےگا۔

28 رکنی یورپی یونین مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے کے لیے انقرہ حکومت کے اقدامات پر بھروسہ کر رہی ہے، کیوں کہ گزشتہ برس یورپ پہنچنے والے زیادہ تر مہاجرین ترکی ہی سے بحیرہء ایجیئن عبور کر کے یونان آئے تھے اور پھر بلقان کے ممالک سے گزر کر مغربی اور شمالی یورپ پہنچے تھے۔ ان مہاجرین کی تعداد ایک ملین سے زائد رہی تھی۔

Türkei Griechenland Abschiebung von Flüchtlingen
اس ڈیل میں ترکی کے لیے مراعات رکھی گئی ہیںتصویر: picture alliance/abaca/AA

تاہم 79 ملین کی آبادی والے ملک ترکی کے لیے ویزے کے خاتمے کا معاملہ یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے درمیان اختلاف کی ایک وجہ بھی بنا ہوا ہے۔ برسلز میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ یورپی ممالک پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں، تاکہ یورپ کو دوسری عالمی جنگ کے بعد کے مہاجرین کے سب سے بڑے بحران سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔

یورپی یونین کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے، جو ترکی کے ساتھ اس موضوع پر مذاکرات کا حصہ ہیں، بتایا کہ بدھ کے روز یورپی کمیشن ترک شہریوں کے لیے ویزا شرائط میں نرمی سے متعلق تجاویز سامنے لا سکتا ہے۔

یورپی یونین کے ایک اور ذریعے نے پیر کے روز بتایا تھا کہ اس موضوع پر یورپی کمیشن اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے، جب کہ اس پر فیصلہ بدھ کے روز کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل یورپی حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ترک شہریوں کے لیے ویزا شرائط میں نرمی سے متعلق 72 نکاتی شرائط انقرہ حکومت کو ارسال کی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ ترک حکومت ان شرائط پر عمل درآمد یقینی بنائے تاکہ ترک باشندوں کو ویزے کے بغیر یورپی یونین کے شینگن ممالک میں داخلے کی اجازت دی جا سکے۔