1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کو ملنے والی مراعات ’بہت زیادہ‘ ہیں، جرمن وزیر

شمشیر حیدر Rebecca Staudenmaier
9 ستمبر 2017

جرمن وزیر خارجہ تھوماس ڈے میزیئر نے یورپی یونین کے تمام ممالک میں مہاجرین کو ایک جیسی مراعات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈے میزیئر کے مطابق دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں جرمنی میں مہاجرین کو زیادہ مراعات مل رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2jdFH
تصویر: DW/B. Riegert

ہفتے کے روز ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے دیگر رکن ممالک کے مقابلے میں جرمنی میں تارکین وطن کو حاصل مختلف مراعات ’بہت زیادہ‘ ہیں جس کے باعث مہاجرین اور تارکین وطن پناہ کے حصول کے لیے جرمنی کا رخ کر رہے ہیں۔

مہاجرین کو حقیقی شناخت چھپانے کا فائدہ یا نقصان؟

جرمنی میں پناہ کی درخواستوں پر فیصلوں میں کتنا وقت لگتا ہے؟

وفاقی وزیر داخلہ نے مطالبہ کیا کہ یونین کے تمام رکن ممالک میں پناہ گزینوں کو فراہم کردہ مراعات میں بھی یکسانیت لائی جانا چاہیے۔ ڈے میزیئر کے مطابق، ’’یورپی یونین میں پناہ کے حصول کے طریقہ کار اور مہاجرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں یکسانیت لانا وقت کی ضرورت ہے۔ جرمنی میں تارکین وطن کو پناہ ملنے کی شرح اور فراہم کردہ سماجی سہولیات دیگر ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔‘‘

تھوماس ڈے میزیئر نے تاہم یہ بات بھی تسلیم کی کہ کئی دیگر یورپی ممالک کی نسبت جرمنی میں مہنگائی کے باعث مہاجرین کے اخراجات بھی زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی سطح پر یکساں مراعات کے ساتھ ساتھ ہر ملک میں مہنگائی کی شرح کے اعتبار سے تارکین وطن کے لیے اضافی الاؤنس مختص کرنے سے یہ مسئلہ بھی حل ہو سکتا ہے۔

اٹلی: پولیس نے آٹھ سو تارکین وطن کو رہائش گاہ سے نکال دیا

جرمنی میں مہاجرین کو کیا مراعات ملتی ہیں؟

جرمنی میں پناہ گزینوں سے متعلق قوانین کے تحت ہر وفاقی ریاست تارکین وطن کو رہائش، خوراک اور کپڑوں سمیت ضرورت زندگی کی بنیادی اشیا مہیا کرنے کی پابند ہے۔ جرمنی میں مقیم پناہ کے متلاشی افراد کو رہائش اور صحت کی سہولیات سمیت کئی طرح کی مراعات سروسز کی صورت میں مہیا کی جاتی ہیں جب کہ اس کے علاوہ دیگر اخراجات پورے کرنے کے لیے نقد رقم بھی فراہم کی جاتی ہے۔

مختلف جرمن ریاستوں میں تارکین وطن کو دی جانے والی نقد رقم بھی مختلف ہے۔ تاہم اوسطاﹰ جائزہ لیا جائے تو پناہ گزینوں کے مرکز میں رہنے والے تنہا بالغ مہاجرین کو ماہانہ 135 یورو جب کہ شادی شدہ جوڑے کو فی کس 129 یورو ماہانہ ملتے ہیں۔ بچوں کو بھی ان کی عمر کے اعتبار سے ماہانہ 76 سے لے کر 83 یورو تک فراہم کیے جاتے ہیں۔

پناہ گزینوں کے مراکز کے علاوہ کسی دوسری رہائش گاہ میں مقیم تنہا بالغ مہاجرین کو فی کس 216 یورو جب کہ شادی شدہ افراد کو فی کس 122 یورو دیے جاتے ہیں۔

Infografik Flüchtlinge Quoten Europa ENG
منصفانہ تقسیم کے یورپی منصوبے کے تحت آبادی کے اعتبار سے مہاجرین کی تقسیم

پناہ کے قانون پر تنقید

تھوماس ڈے میزیئر نے سیاسی پناہ کے جرمن قوانین پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد تارکین وطن کو ان فیصلوں کے خلاف قانونی طور پر کئی طریقوں سے اپیلیں کر سکنے کی سہولت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’دیگر ممالک کی نسبت جرمنی میں تارکین وطن ملک بدری سے بچنے کے لیے کئی قانونی راستے اختیار کر سکتے ہیں۔‘‘

پناہ کے مسترد درخواست گزاروں کی اپیلیں، پاکستانی سر فہرست

سیاسی پناہ کی درخواستیں: جرمن عدالتوں کے جج کیا کہتے ہیں؟