1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’میٹرو‘ کو دو کمپنیوں میں تقسیم کر دیا جائے گا

عابد حسین30 مارچ 2016

جرمنی کے ادارے ’میٹرو‘ کو تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ ادارہ روزمرہ استعمال کی اشیائے خورد و نوش تھوک پر فروخت کرتا ہے۔ اس اعلان کے بعد میٹرو کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1IM6K
تصویر: picture-alliance/dpa/H. Holländer

جرمنی کے اس بہت بڑے ہول سیل ادارے ’میٹرو‘ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اس ادارے کو دو حصوں میں تقسیم کر دینے کے بعد دونوں کو علیحدہ علیحدہ اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹر کروایا جائے گا۔ انتظامی بورڈ کے مطابق میٹرو کی دونوں کمپنیاں آزاد اور بااختیار ہونے کے علاوہ اپنے اپنے کاروباری معاملات کی خود نگران ہوں گی۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ تقسیم کے بعد قائم کیے جانے والے دونوں اداروں کے نام کیا ہوں گے۔

میٹرو کے انتظامی بورڈ کے اعلان کے مطابق تقسیم کے بعد ایک ادارہ روزمرہ کی اشیائے خوراک کی تجارت کرے گا جبکہ دوسرا خاص طور پر کنزیومر الیکٹرونکس کی تجارت پر توجہ دے گا۔ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تقسیم کے بعد معرضِ وجود میں آنے والی دونوں کمپنیوں کے مشاورتی اور انتظامی بورڈ بھی الگ الگ ہوں گے اور ان کے دائرہ کار بھی محفوظ اور مخصوص ہوں گے۔ اس طرح یہ دونوں کمپنیاں ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت کی مجاز نہیں ہوں گی۔ بیان کے مطابق نئی کمپنیاں پوری طرح اپنی کارپوریٹ حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے اُن پر عمل پیرا ہو سکیں گی۔

Deutschland Logos der Metro Group in Düsseldorf
تقسیم کے اعلان کے بعد میٹر کے حصص کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/M. Gerten

’میٹرو‘ کا خیال ہے کہ نئی کمپنیوں سے دونوں شعبوں (اشیائے خورد و نوش اور کنزیومر الیکٹرونکس) میں بھرپور توجہ مرکوز کرنے سے گاہکوں کو بہتر سروس مہیا کی جا سکے گی۔ یوں جہاں عملی طور پر کاروباری سرگرمیوں کو بہتر اور مؤثر انداز میں وسعت دینے کے مواقع پیدا ہوں گے وہیں اپنے اپنے دائرے میں مارکیٹ کی ضروریات کے تناظر میں کاروباری سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا بھی آسان اور ممکن ہو سکے گا۔ نئی کمپنیوں کی تشکیل کا حتمی اعلان میٹرو گروپ کے انتظامی بورڈ اور شیئر ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

امکان ہے کہ میٹرو گروپ کی یہ دونوں ذیلی کمپنیاں اگلے برس کے وسط تک قائم کر دی جائیں گے اور پھر ان کی فرینکفرٹ کی سٹاک مارکیٹ میں مختلف انتظامی بورڈز کے تحت رجسٹریشن کرائی جائے گی۔ دوسری جانب اس اعلان کے بعد کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں نو فیصد کا غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

آج بدھ تیس مارچ کو یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں مجموعی طور پر مندی کی جگہ تیزی کا رجحان غالب رہا، جس کی ایک وجہ امریکا کے فیڈرل ریزرو بینک کی جانب سے شرحِ سود میں اضافے کا عندیہ خیال کیا گیا۔ جرمن اسٹاک انڈکس ’ڈاکس‘ کی شرح میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔