1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میچ کیوں نہیں دیکھنے دیا، بنگلہ دیشی شائقین فٹبال کا احتجاج

13 جون 2010

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں بجلی کی بندش کے باعث شائقین فٹبال ورلڈ کپ کا میچ نہ دیکھ پائے جس پر وہ احتجاج کے لئے باہر نکل آئے اور پرتشدد مظاہروں میں کم از کم 30 افراد زخمی ہوئے۔

https://p.dw.com/p/Npf5
تصویر: AP

ہزاروں مشتعل افراد نے نہ صرف بجلی فراہم کرنے والے ادارے کی مختلف تنصیبات اور دفاتر پر حملے کئے بلکہ کم از کم 20 گاڑیوں اور بسوں کو بھی نظر آتش کردیا۔ فٹبال شائقین کا یہ ردعمل دراصل بجلی کی بندش کی وجہ سے ہفتے کے روز ارجنٹائن اور نائجیریا کے درمیان کھیلا جانے وال میچ براہ راست  ٹیلی وژن پر نہ دیکھ پانے پر سامنے آیا۔

ڈھاکہ پولیس کے سربراہ اے کے ایم شہید الحق کے مطابق زیادہ تر نقصان سیدآباد کے پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر پر مشتعل ہجوم کے حملے کی وجہ سے ہوا۔ پولیس سربراہ کے مطابق مظاہرین نے دارالحکومت کی ایک اہم روڈ بلاک کردی اور ٹائر جلائے۔ اس دوران پولیس کی ایک وین کو بھی جلا دیا گیا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

دارالحکومت کو بجلی فراہم کرنے والی ڈھاکہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی DPDC کے سربراہ فرید الحق کے مطابق مظاہرین کے حملوں میں کم از کم پانچ پاورڈسٹری بیوشن سینٹرز کو نقصان پہنچا۔ فرید الحق کے مطابق مظاہرین نے کمپنی کے دفاتر اور ملازمین پر بھی پتھراؤ کیا۔ جس سے کم از کم نو دفاتر کو بھی نقصان پہنچا۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی بین الاقوامی درجہ بندی میں بنگلہ دیش کی ٹیم کا 157 واں نمبر ہے، تاہم وہاں بنگلہ دیشی عوام میں فٹبال بے حد مقبول ہے۔

رپورٹ : افسر اعوان / خبر رساں ادارے

ادارت : شادی خان سیف