1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میڈرڈ اوپن: ڈوکووچ نے نادال کو فائنل میں ہرا دیا

9 مئی 2011

سرب کھلاٹی نوواک ڈوکووچ نے ٹینس کے موقر مقابلے میڈرڈ اوپن میں عالمی نمبر ایک رافائل نادال کو شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/11Bot
حالیہ کچھ عرصے میں ڈوکووچ ناقابلِ شکست رہے ہیںتصویر: picture alliance/dpa

بالآخر ہسپانوی ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک رافائل نادال کی کلے کورٹ پر لگاتار سینتیس میچوں کی فتوحات کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ اتوار کے روز اسپین کے شہر میڈرڈ میں میڈرڈ اوپن کے فائنل میں نادال کو عالمی نمبر دو سرب کھلاڑی نوواک ڈوکووچ نے اسٹریٹ سیٹس میں سات پانچ اور چھ چار سے ہرا کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ یہ سن دو ہزار گیارہ میں ڈوکووچ کی لگاتار بتیسویں فتح تھی۔

ڈوکووچ کی نظریں اب فرنچ اوپن پر ہیں جو اسی ماہ کھیلی جائے گی۔ میچ کے بعد سرب کھلاڑی کا کہنا تھا کہ رافائل نادال اب بھی ’کنگ آف کلے‘ ہیں اور گرینڈ سلیم فرنچ اوپن جیتنے کے لیے اب بھی فیورٹ ہیں، تاہم میڈرڈ اوپن جیتنے کے بعد وہ بھی فرنچ اوپن کو جیتنے کے لیے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

Flash-Galerie Sportrückblick 2010
میڈرڈ اوپن سے قبل بارسلونا اوپن نادال کے نام رہا تھاتصویر: AP

خیال رہے کہ ڈوکووچ اس سے قبل نادال کو کبھی بھی کلے کورٹ پر شکست نہیں دے سکے تھے تاہم اس برس انہوں نے چھ ٹورنامنٹس جیت ہیں جن میں سال کا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن، انڈین ویلز اور میامی کے ٹورنامنٹ شامل ہیں جن کے فائنلز میں ڈوکووچ نے نادال کو ہرایا تھا۔

میڈرڈ اوپن کے سیمی فائنل میں رافائل نادال نے سابق عالمی نمبر ایک سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر کو تین سیٹس میں شکست دی تھی۔ ٹینس کی دنیا میں راجر فیڈرر اور نادال کی تاریخی مسابقت کے بعد اب محسوس ہوتا ہے کہ نادال اور ڈووکوچ کی ’رائولری‘ کا دور ہے۔ اگر ڈوکووچ فرنچ اوپن جیتنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ عالمی نمبر ایک کا رینک بھی حاصل کر لیں گے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق