1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو امریکہ سرحد کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے

5 اپریل 2010

اتوار کے روز امریکہ اور میکسیکو کی سرحد کے قریب 7.2 کی شدت سے آنے والے زلزلے کے باعث دونوں ممالک کے متعدد علاقوں میں عمارتیں لرز آٹھیں۔ اب تک دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔

https://p.dw.com/p/MnDR
تصویر: AP

امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ عالمی وقت کے مطابق زلزلے کے جھٹکے رات دس بجکر چالیس منٹ پر محسوس کئے گئے۔ زلزلے کا مرکز میکسیکو کی ریاست باجا کیلیفورنیا کے شہرGuadalupe Victoria کے جنوب مغرب میں 32 اعشاریہ تین کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ اس زلزلے کا مرکز امریکی ریاست ایریزونا کے شہر سین لوئیس سے 64 کلومیٹر دور تھا۔

لاس ایجلس کے فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کے مطابق ابتدائی جائزے کے مطابق اس زلزلے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا نہ ہی املاک کو کو کئی بڑا نقصان پہنچا۔ تاہم اس فائربریگیڈ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں کئی مقامات پر لوگ لفٹس میں بند ہوگئے اور خودکار الارم بج آٹھے۔ اس ادارے کا کہنا ہے کہ ماہرین اس زلزلے سے شہری انفراسٹکچر، عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا جائزہ لگانے میں مصروف ہیں۔

لاس اینجلس کے ایک ٹیلی ویژن چینل کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فلک بوس عمارتیں چند سیکنڈز تک جھولتی رہیں۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ میکسیکو اور امریکہ کی سرحد کے قریب علاقوں میں مواصلات کی کئی لائنز کو نقصان پہنچا ہے اور کچھ علاقوں میں زلزلے کے باعث افراتفری پھیل گئی ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفیٰ