1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو میں بچوں کے تحفظ کی تعلیم متعارف

10 ستمبر 2011

مافیا جرائم اور تشدد کا شکار میکسیکو میں آج کل اسکولوں کے بچوں کو اپنے تحفظ کے طریقے سکھانے کا کورس بھی نصاب میں شامل کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12W6K
تصویر: AP

میکسیکو کے اسکولوں میں اب ایک نیا مضمون  نصاب میں شامل کیا گیا ہے،جس میں انہیں تشدد سے بچنے کے طریقے سکھائے جایئں گے، مثال کے طور پر گولیاں چلنے کی صورت میں کس طرح زمین پر لیٹ جانا ہے یا پھر شدید جذباتی کیفیات سے کیسے نمٹنا چاہیے۔   بحرالکاہل کے نزدیک سیاحتی شہر اکاپلکو کے حکام نے اسکولوں میں تشدد کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خوف و ہراس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اس ہفتے سے ایک خفیہ بٹن لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا ڈائریکٹ رابطہ پولیس کے ساتھ ہوگا اس کے ذریعے بچے فضائی اور زمینی مدد بھی طلب کر سکیں گے۔

 اس کا ایک مقصد ان 52 اسکولوں کے تین ہفتوں سے غیر حاضر اساتذہ کو تدریس کے شعبے میں واپس لانا بھی ہے جنہوں نے دہشت زدہ ہو کر اسکولوں میں آنا چھوڑ دیا تھا۔ میکسیکو شہر کی پولیس اسکول بسوں کے کچھ روٹس کی نگرانی بھی کر رہی ہے کیونکہ پچھلے ہفتے میریسی اسکول کی بس کو جس میں سات بچے سوار تھے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے میں ڈرایئور اور بچوں کے نگران نے بچوں کو زمین پر گرا کر ان کی جان بچائی اور فائرنگ ختم ہونے کے بعد سیدھا ایک ماہرنفسیات کے پاس لے گئے تاکہ وہ اپنے جذبات کا اظہار کر سکیں۔

ایک خاتون نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ان کے بچے بھی میریسی اسکول میں پڑھتے ہیں لیکن مختلف راستے سے اسکول جاتے ہیں۔  انہوں نے بتایا کہ میکسیکو کے دارالحکومت کے بعض علاقوں میں اسکول بسوں کے پیچھے آنی والی گاڑیوں میں باڈی گارڈز  اپنے آجروں کے بچوں کی حفاظت کر رہے ہوتے ہیں۔ حالانکہ یہ رجحان پورے ملک میں موجود نہیں ہے لیکن پھر بھی بچوں کے والدین میں تشویش پائی جاتی ہے۔

میکسیکو کے صدر فلپ کیلوڑون نے گزشتہ ماہ اس مسئلے پر خطاب بھی کیا تھا جس میں انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’’میں جانتا ہوں کہ آپ لوگ ڈرے، اداس اور اس بدامنی سے تنگ آئے ہوئے ہیں، بعض جرائم پیشہ افراد نے میکسیکو کے باشندوں کے خلاف دہشت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔’’ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی حکومت میکسیکو میں امن برقرار رکھنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے، وہ فکر مند، اور پریشان نہ ہوں کیونکہ وہ اور ان کے والدین اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ ۔

Flash-Galerie Drogen Lateinamerika
میکسیکن صدر فلپ کیلوڈرونتصویر: AP

 اس سال کئی واقعات نے اسکولوں کو متاثر کیا  جس میں گزشتہ مہینے  فائرنگ کے تبادلے میں چار بچوں کے زخمی ہونے کا واقعہ بھی شامل ہے۔ پچھلے مہینے انٹرنیٹ پر وارگروز کے اسکولوں پر حملوں کی جھوٹی اطلاعات نے والدین کو پریشان کر دیا اور وہ اپنے بچوں کو لینے اسکول پہنچ گئے۔ ایک خاتون اور ایک مرد کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے مبینہ طور پر فیس بک اور ٹویٹر پر یہ افواہیں پھیلائی تھیں۔  انہیں دہشت گردی اور تخریب کاری کے الزام میں 30 سال کی قید سنائی گئی۔ تاہم سول سوسائٹی کی تنظیموں نے حکام کے اس ردعمل کو غیر متناسب قرار دیا ہے۔

رپورٹ:  سائرہ ذوالفقار

ادارت:  حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید