1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’میں صدر بنا تو ہلیری کلنٹن جیل میں ہوں گی‘، ڈونلڈ ٹرمپ

مقبول ملک
10 اکتوبر 2016

امریکی ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وہ نومبر کا صدارتی الیکشن جیت گئے تو ان کی حریف ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کو جیل جانا ہو گا۔ ٹرمپ نے یہ بات کلنٹن کے ساتھ ایک ٹی وی مباحثے کے دوران کہی۔

https://p.dw.com/p/2R3ws
US TV Debatte Trump vs Clinton
تصویر: picture alliance/AP Photo/J. Locher

امریکی شہر سینٹ لوئیس سے پیر دس اکتوبر کی صبح موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق ارب پتی بزنس مین ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بیان ہلیری کلنٹن کے ساتھ ٹیلی وژن پر اپنے اس لائیو نشر کیے جانے والے مباحثے میں دیا، جسے امریکا میں اور امریکا سے باہر کروڑوں افراد نے براہ راست دیکھا۔

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ اس مباحثے کے دوران، جو دونوں صدارتی امیدواروں کے مابین مجموعی طور پر تین میں سے اب تک کا دوسرا ٹی وی مباحثہ تھا، ڈونلڈ ٹرمپ نے مقامی وقت کے مطابق اتوار نو اکتوبر کی رات اپنی قدرے غیر مقبول ہوتی جا رہی صدارتی انتخابی مہم کو بچانے کئی کوششیں کیں۔

اس دوران ہلیری کلنٹن کی طرف سے بھی اپنے حریف امیدوار پر کافی تنقید کی گئی لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات میں امریکی سیاست میں غیر معیاری بیانات کی جنگ اپنی ایک ایسی نچلی سطح تک پہنچ گئی، جو اس سے پہلے شاید ہی کبھی دیکھنے میں آئی تھی۔

اس مباحثے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ اگلے ماہ کے اوئل میں ہونے والے صدارتی انتخابات جیت گئے، تو ہلیری کلنٹن کو جیل جانا پڑے گا۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کے شوہر اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن پر ’جنسی حوالے سے بدکرداری‘ کا الزام بھی عائد کیا۔

US TV Debatte Trump vs Clinton
تصویر: Reuters/J. Young

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ جس وقت ٹرمپ ہلیری کلنٹن اور بل کلنٹن پر یہ الزامات لگا رہے تھے، اس وقت وہاں موجود اور اس مباحثے کو لائیو دیکھنے والی شخصیات میں خود سابق صدر بل کلنٹن بھی موجود تھے اور تین ایسی خواتین بھی، جنہوں نے ماضی میں بل کلنٹن پر جنسی دست درازی کے الزامات عائد کیے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ابھی چند روز قبل ہی ایک ایسی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی، جس میں انہیں خواتین کے بارے میں بہت نازیبا اور غیر اخلاقی باتیں کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں اپنی تقریر میں ٹرمپ نے اپنی اس ’لاکر روم‘ بات چیت کے حوالے سے ناظرین اور سامعین سے معذرت تو کی، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہلیری کلنٹن کے شوہر اور سابق صدر بل کلنٹن تو ماضی میں خواتین کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتیاں بھی کرتے رہے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا، ’’اگر آپ بل کلنٹن کی طرف دیکھیں، تو ان کی مثال تو کہیں زیادہ بری ہے۔ میرے تو صرف الفاظ تھے، وہ تو عملاﹰ ایسا کر بھی گزرے تھے۔‘‘

اس موقع پر 70 سالہ ٹرمپ نے سابقہ خاتون اول اور سابقہ وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن پر یہ الزام بھی لگایا کہ ’ہلیری کلنٹن کے دل میں نفرت ہے۔ اگر میں صدر بن گیا، تو ہلیری کلنٹن کو جیل جانا ہو گا‘۔

US TV Debatte Trump vs Clinton
تصویر: Getty Images/C. Somodevilla

اس کے جواب میں ہلیری کلنٹن نے اس مباحثے میں یہ موقف اختیار کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خواتین کے بارے میں بیانات پر مبنی جو ویڈیو ابھی حال ہی میں منظر عام پر آئی، وہ ’ٹرمپ کی اصل شخصیت کی عکاسی‘ کرتی ہے۔

ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ پر جوابی تنقید کرتے ہوئے مزید کہا، ’’یہ ہیں اصلی ڈونلڈ ٹرمپ۔ اور ہم سب اور ہمارے ملک کو جس بڑے سوال کا سامنا ہے، اس کا جواب یہ ہے کہ ہم اور امریکا وہ نہیں ہیں، جو ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں