1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’میں نے ہمیشہ ایک آزاد ڈرگ پالیسی کی حمایت کی ہے‘

کشور مصطفیٰ3 مارچ 2016

جرمنی کی ماحول دوست گرین پارٹی کے رکن پارلیمان فولکر بیک نے اپنے پاس سے منشیات برآمد ہونے کی خبرعام ہوتے ہی فوری طورسے اپنے تمام پارلیمانی عہدوں سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1I63x
تصویر: picture-alliance/dpa

اخبار ’بلڈ‘ کے مطابق جرمن پولیس نے فولکر بیک کے پاس سے منشیات برآمد کی ہیں۔ دفتر استغاثہ کی طرف سے تاہم صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ بیک کے پاس سے کم مقدار میں ایک نشہ آور مادہ برآمد ہوا ہے۔ فولکر بیک پارلیمان میں گرین پارٹی کی داخلی اور مذہبی پالیسیوں کے ترجمان تھے۔ اس کے علاوہ جرمن اسرائیلی پارلیمانی گروپوں کی بھی سربراہی انہی کے ذمہ تھی۔ وہ انسانی حقوق کے لیے بھی سرگرم ہیں۔

55 سالہ جرمن قانون ساز فولکر بیک کے پاس سے 0.6 گرام مشتبہ نشہ آور مواد برآمد ہوا ہے۔ جرمن اخبار بلڈ ڈیلی آن لائن پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پولیس نے منگل کی شب برلن میں ’اسٹریٹ چیک‘ یا سڑک پر اچانک کی جانے والی تفتیشی کارروائی کے دوران بیک کے پاس سے اعصاب کو محرک کرنے والا مادہ ’کرسٹل میتھ‘ برآمد ہوا تاہم برلن حکام نے فوری طور سے اس امر کی تصدیق نہیں کی۔ اس بارے میں ایک مختصر بیان دیتے ہوئے فولکر بیک نے کہا:’’میں اس موقع پر پارلیمان میں گرین پارٹی کی داخلی اور مذہبی پالیسیوں کے ترجمان کےعہدے سے دست بردار ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔‘‘

Crystal Meth Droge Konsum Symbolbild
بیک کے پاس سے اعصاب کو محرک کرنے والا مادہ ’کرسٹل میتھ‘ برآمد ہواتصویر: Imago/Zuma Press

گرین پارٹی کے سیاستدان نے تاہم بطور پارلیمانی رُکن استعفیٰ نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اُن کے خلاف لگنے والے جرائم کے الزامات کا جواب اُن کے وکلاء دیں گے۔ ساتھ ہی بیک کا کہنا تھا،’’میں نے ہمیشہ ایک آزاد ڈرگ پالیسی کی حمایت کی ہے۔‘‘

2014ء کے وسط میں اُس وقت کے ایک سوشل ڈیمو کریٹک قانون ساز میشائل ہارٹمن نے اپنے پاس سے نشہ آور مواد ’کرسٹل میتھ‘ برآمد ہونے کے بعد متعدد پارلیمانی عہدوں سے دستبراداری کا فیصلہ کیا تھا۔ مشائل ہارٹمن دیگر پارلیمانی عہدوں کے علاوہ انٹیلی جنس سروسز کی نگران کمیٹی کے رُکن بھی تھے۔

Crystal Meth Droge Symbolbild
کرسٹل میتھ خطرناک نشہ آور مادہ ہےتصویر: Imago/Blickwinkel

’کرسٹل میتھ‘ کا شمار خطرناک نشہ آور مادوں میں ہوتا ہے۔ اسے عام طور سے سونگھ کر یا سانس کے ذریعے جسم میں منتقل کیا جاتا ہے۔ فولکر بیک کے متعدد عہدوں سے مستعفی ہونے کے بعد اُن کی گرین پارٹی کے پارلیمانی دھڑے کی مینیجنگ ڈائریکٹر بریٹے ہازل من نے کہا،’’ہم بیک کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور اس سلسلے میں اُن کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ فولکر بیک پر لگے جرائم کے الزامات کے بارے میں تاہم کچھ نہیں کہنا چاہتی، اس کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور اُن کے نتائج کا انتظار کیا جانا چاہیے۔‘‘