1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میں ’پورے امریکا کی‘ صدر ہوں گی، ہلیری کلنٹن

افسر اعوان29 جولائی 2016

امریکا کی سابق سیکرٹری خارجہ ہلیری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے بطور صدارتی امیدوار اپنی نامزدگی کو قبول کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ پورے امریکا کی صدر ہوں گی، بھلے کسی نے انہیں ووٹ نہ بھی دیا ہو۔

https://p.dw.com/p/1JXgi
ہلیری کلنٹن
تصویر: Reuters/G. Cameron

امریکا کی سابق خاتون اول اور سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار کے طور پر اپنی نامزدگی کو قبول کرنے کا یہ اعلان گزشتہ شب یعنی جمعرات 28 جولائی کو پارٹی کنونشن کے چوتھے اور آخری روز اپنے خطاب میں کیا۔ امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن میں ملک بھر سے چار ہزار سات سو سے زیادہ مندوبین شریک تھے۔

ہلیری کلنٹن ایسی پہلی خاتون ہیں، جنہوں نے اس عہدے کے لیے امریکا کی کسی بڑی پارٹی کی طرف سے نامزدگی حاصل کی ہے۔ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا اُن کی اولین ترجیح ہو گی۔ کلنٹن نے اس موقع پر وعدہ کیا کہ اگر وہ صدر بنیں تو تمام امریکیوں کے لیے جدوجہد کریں گی، بھلے ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہو یا ری پبلکن پارٹی سے اور بھلے انہوں نے صدارتی انتخابات میں انہیں ووٹ دیے ہوں گے یا نہیں۔

امریکی ڈیموکریٹس نے دوسری مرتبہ تاریخ رقم کر دی

کیا سیاہ فام امریکی ٹرمپ کو ووٹ دیں گے؟

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہلیری کلنٹن نے اس موقع پر امریکا کے بارے میں اپنے ری پبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کے خیالات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ کے اس دعوے پر طنز کرتے ہوئے کہ وہ اکیلے ہی امریکا کے مسائل حل کر سکتے ہیں، کلنٹن کا کہنا تھا، ’’وہ ہمیں باقی دنیا سے الگ تھلگ کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے درمیان تقسیم ڈالنا چاہتے ہیں۔‘‘

کنونشن میں شریک ڈیموکریٹک مندوبین سے خطاب کے دوران کلنٹن کا ٹرمپ کے حوالے سے مزید کہنا تھا، ’’وہ ری پبلکن پارٹی کو ’امریکا میں صبح‘ سے بہت دور ’امریکا میں نصف شب‘ جیسے مقام پر لے جا چکے ہیں۔ وہ ہم میں مستقبل کا خوف اور ایک دوسرے سے خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

میں برنی سینڈرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔۔۔ اور آپ کے تمام حامیوں کا بھی جو یہاں موجود ہیں اور پورے ملک میں موجود ہیں، ہلیری کلنٹن
میں برنی سینڈرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔۔۔ اور آپ کے تمام حامیوں کا بھی جو یہاں موجود ہیں اور پورے ملک میں موجود ہیں، ہلیری کلنٹنتصویر: Reuters/J. Young

کلنٹن نے اس موقع پر ڈیموکریٹک پارٹی میں ہی صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شریک اپنے حریف برنی سینڈرز کے حامیوں کی طرف بھی دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ان کی آوازیں سن لی گئی ہیں: ’’میں برنی سینڈرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔۔۔ اور آپ کے تمام حامیوں کا بھی جو یہاں موجود ہیں اور پورے ملک میں موجود ہیں۔ میں آپ سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے آپ کی آواز سن لی ہے۔‘‘ کلنٹن نے مزید کہا، ’’آپ کا نصب العین، ہمارا نصب العین ہے۔‘‘

رواں برس آٹھ نومبر کو مجوزہ صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں کامیاب ہونے کی صورت میں اڑسٹھ سالہ ہلیری کلنٹن امریکا کی پہلی خاتون صدر بن جائیں گی۔