1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی دہلی خواتین کے لئےخطرناک، سروے

10 جولائی 2010

اقوام متحدہ اور بھارتی حکومت کی طرف سے کروائے گئے ایک مشترکہ سروے کے مطابق گزشتہ سال نئی دہلی میں پانچ میں سے ہر تیسری خاتون کو کسی نہ کسی طریقے سے جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/OFeG
تصویر: AP

بھارتی حکومت کے تعاون سے کئے گئے اس سروے کے نتائج کے مطابق گزشتہ سال کے دوران بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں تقریبا 85 فیصد خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

اس سروے میں پانچ ہزار سے زائد خواتین سے انٹرویوز کئے گئے۔ اس کے نتائج کے مطابق بھارتی دارالحکومت میں سکونت پذیر خواتین کو زیادہ تر پبلک ٹرانسپورٹ میں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

پچاس فیصد خواتین نے بتایا کہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں ایسے واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سروے میں جن خواتین سے انٹرویوز کئے گئے، انہوں نے بتایا کہ انہیں دن میں بھی ہراساں کیا جاتا ہے۔

U-Bahn Delhi
نئی دہلی میں میٹرو میں بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات ہوتے ہیںتصویر: AP

اس سروے میں انٹرویو دینے والی ایک خاتون پراگتی نے کہا : ’’ یہ زیادہ تر بسوں میں ہوتا ہے۔ مرد ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ وہ کسی نہ کسی طریقے سے آپ کو چھو سکیں۔ یہ بھی اکثر اوقات ہوتا ہے کہ وہ بغیر کسی وجہ کےآپ کا پیچھا کرنا شروع کر دیتے ہیں۔‘‘

اس سروے کے نتائج کے مطابق نئی دہلی میں آباد زیادہ تر خواتین، دن ہو یا رات، خوفزدہ رہتی ہیں، بالخصوص سکول اور کالج جانے والی نو عمر لڑکیاں اور ایسی خواتین جو انفارمل سیکٹر میں کام کرتی ہیں، وہ قابل رحم ہیں۔

اس سروے میں اپنی رائے دینے والی شویتا کہتی ہیں،’’ حتیٰ کہ آپ اگر سڑک کے کنارے کسی مارکیٹ میں بھی جائیں تو وہاں بھی آپ کو ہراساں کرنے کے لئے لوگ موجود ہوں گے۔‘‘

بھارتی حکام نے تسلیم کیا ہے کہ خواتین کو اس طرح ذہنی تشدد کا نشانہ بنانا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ وزرات برائے بہبود آبادی و خواتین کی وزیرکیرن والیہ نے ان واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:’’ ہم پارلیمان میں یہ تجویز پیش کریں گے، اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے بسوں میں سی سی ٹی وی کمیرے نصب کئے جائیں۔ ہم ایسے قوانین کی تیاری کے لئے بھی کام کر رہے ہیں ، جس کے مطابق جنسی طور پر ہراساں کرنا ایک قابل ضمانت جرم نہ ہو اوراس حوالے سے مزید سخت ضوابط تیار کئے جا سکیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: کشور مصطفٰی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں