1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے پولش صدر کومورووسکی کو اوباما کی مبارکباد

6 جولائی 2010

امریکی صدر باراک اوباما نے پیر کے روز نو منتخب پولستانی صدر برونسلاو کومورووسکی کو عہدہء صدارت سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔ کومورووسکی دوسرے مرحلے کے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/OBNZ
تصویر: AP

سوک پلیٹ فارم پارٹی سے تعلق رکھنے والے کومورووسکی کو تقریباً 53 فیصد ووٹ ملے۔ ان کے مقابلے میں قدامت پسند جماعت کے یاروسلاو کاچنسکی تھے۔

Dossierbild zum Wahlsieg von Bronislaw Komorowski 3
کومورووسکی کی انتخابی مہم میں افغان مشن کو بھی موضوع بنایا گیاتصویر: AP

وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبس کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے پولینڈ کے نومنتخب صدر کومورووسکی کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں پولستانی عوام کی بھی تعریف کی۔ باراک اوباما نے کہا کہ جہاز حادثے میں صدر لیخ کاچنسکی اور اہم فوجی و سویلین رہنماؤں کی ہلاکت کے بعد پولستانی عوام نے جس طرح سے صورتحال کا مقابلہ کیا اور بڑے تدبر کے ساتھ نئے صدر کا انتخاب کیا، وہ لائق تعریف ہے۔ گبس نے اپنے بیان میں کہا:’’امریکہ اور پولینڈ قریبی اتحادی اور دنیا بھر میں آزادی، سلامتی اور برابری کے مشترکہ حامی ہیں۔‘‘

polen Präsidentschaftswahlen Jaroslaw Kaczynski
سابقہ صدر کے جڑواں بھائی یاروسلاو کاچنسکیتصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما نے افغانستان جنگ کے لئے پولینڈ کی معاونت پر بھی وارسا کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ کومورووسکی کی صدارتی مہم میں افغانستان سے پولستانی فوجیوں کی سن 2012ء تک واپسی کا موضوع بھی شامل تھا۔ صدر اوباما نے نومنتخب پولستانی صدر کو واشنگٹن کے دورے کی دعوت بھی دی۔

پیر کے روز پولینڈ کے صدارتی انتخابات میں لبرل جماعت کے رہنما کومورووسکی کے مقابلے میں آنجہانی صدر لیخ کاچنسکی کے جڑواں بھائی یاروسلاو کاچنسکی کو 46 اعشاریہ نو فیصد ووٹ ملے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات میں مجموعی ٹرن آؤٹ 55 اعشاریہ تین فیصد رہا۔ لیخ کاچنسکی کی ہلاکت کے بعد اُس وقت پارلیمان کے اسپیکر برونسلاوکومورووسکی نے عبوری صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں