1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے یونانی بحران کاخطرہ، میرکل کی مالیاتی اداروں سے گفتگو

عاطف توقیر5 اپریل 2016

یونان کو ایک نئے ممکنہ مالیاتی بحران کا خطرہ لاحق ہے، جب کہ یہی موضوع منگل کے روز عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے درمیان برلن میں منعقدہ اجلاس میں بات چیت کا موضوع رہے گا۔

https://p.dw.com/p/1IPUL
Bildergalerie Prominente Protestanten
تصویر: epd

جرمن چانسلر میرکل منگل پانچ اپریل کو عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF)، عالمی ادارہ تجارت WTO، تنظیم برائے اقتصادی تعاون اور ترقی اور بین الاقوامی ادارہ محنت ILO کے سربراہان سے برلن میں مل رہی ہیں۔ ان اہم عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ بات چیت میں یونان کو درپیش ایک نئے ممکنہ مالیاتی بحران کے خطرات کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔ عالمی سطح پر یونان کی خراب مالیاتی صورت حال اور اس کے یورپی اور عالمی منڈیوں پر اثرات کے موضوع پر ایک مرتبہ پھر بحث کی جا رہی ہے۔

Griechenland Syriza Alexis Tsipras
سپراس کی انتہائی بائیں بازو کی حکومت بجٹ کٹوتیوں پر رضامند ہوئی تھیتصویر: Reuters/C. Hartmann

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے وابستہ ایک اعلیٰ عہدیدار نے ویک اینڈ پر شائع ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ یورپی یونین یونان کے حکومتی اخراجات اور خسارے کو کم کرانے میں ناکام رہی ہے۔ اس بیان کے سامنے آنے کے بعد برلن حکومت کو یونان کے لیے ریلیف پیکج کو روک دینے کا اعلان کرنا پڑا تھا۔

ایتھنز حکومت ویب سائٹ وکی لیکس پر آئی ایم ایف کے ایک اہلکار کے اس بیان کو یونان کو دیے گئے 86 ارب یورو کے بیل آؤٹ پیکج سے آئی ایم ایف کے ممکنہ اخراج کا اشارہ قرار دے رہی ہے۔ آئی ایم ایف گزشتہ برس یونان اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والے بیل آؤٹ کا حصہ ہے، جس کے ذریعے ایتھنز حکومت کو فوری سرمایہ فراہم کیا گیا تھا۔

ایتھنز حکومت ایک ایسے ریسکیو منصوبے پر رضامند ہوئی تھی، جس کے تحت یونان دیوالیہ ہونے سے بچ سکتا تھا اور یورو زون کا رکن رہ سکتا تھا، تاہم اس منصوبے کی منظوری آئی ایم ایف نے اب تک نہیں دی۔

گزشتہ برس یونان کے لیے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری کے وقت اس پیکج کے ناقد قانون سازوں کو میرکل نے یقین دلایا تھا کہ اس ڈیل میں آئی ایم ایف بھی شامل ہو جائے گا۔

مہاجرین کے بحران سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھی یونان ہے، جہاں پہلے سے کمزور اقتصادیات کو مہاجرین کے مسئلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس بحران نے یونانی معیشت پر پہلے سے موجود دباؤ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔