1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائب امریکی صدر جو بائیڈن چین کے اہم دورے پر

18 اگست 2011

امریکہ کے قرضوں کے بحران پر شدید تنقید کے پس منظر میں نائب امریکی صدر جو بائیڈن کے دورہ چین کا آغاز ہو گیا ہے۔ آج جمعرات کو بائیڈن نے اپنے چینی ہم منصب کو بتایا کہ عالمی معاشی استحکام کا انحصار چین اور امریکہ پر ہے۔

https://p.dw.com/p/12IjK
جو بائیڈن اپنی پوتی ناؤمی کے ہمراہ بیجنگ پہنچنے پر
جو بائیڈن بیجنگ پہنچنے پرتصویر: dapd

68 سالہ بائیڈن پر امریکہ کی ساکھ کو بحال کرنے کے حوالے سے شدید دباؤ ہے۔ اِس ماہ کے اوائل میں دُنیا کی یہ سب سے بڑی معیشت اپنے قرضوں کے بحران کی وجہ سے دیوالیہ ہو جانے کے مرحلے کے بہت ہی قریب پہنچ گئی تھی جبکہ ایک بڑی ریٹنگ ایجنسی نے اس کی کریڈٹ ریٹنگ بھی AAA سے کم کر کے AA+ کر دی تھی۔

چین بیرونی دُنیا سے امریکہ کو قرضے دینے والا سب سے بڑا ملک ہے اور یہی وجہ ہے کہ امریکہ نے اپنے قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے حوالے سے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جو طرزِ عمل روا رکھا، اُسے چین کے سرکاری میڈیا میں بہت زیادہ ہدفِ تنقید بنایا گیا، یہاں تک کہ اِس امریکی بحران کو ایک ٹائم بم کے مماثل قرار دیا گیا ہے۔

بائیڈن کا بدھ کو شروع ہونے والا یہ پانچ روزہ دورہ چین اتوار کو اپنے اختتام کو پہنچ گا
بائیڈن کا بدھ کو شروع ہونے والا یہ پانچ روزہ دورہ چین اتوار کو اپنے اختتام کو پہنچ گاتصویر: dapd

بائیڈن نے اپنے چینی ہم منصب ژی جن پنگ کو، جو 2013ء میں ہو جن تاؤ کی جگہ چین کے سربراہِ مملکت کا عہدہ سنبھالنے والے ہیں، بتایا: ’’مجھے اس بات کا پورا یقین ہے کہ دنیا کے معاشی استحکام کا انحصار بڑی حد تک ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور چین کے درمیان تعاون پر ہے۔ چینی عوام کے ساتھ ایک قریبی اور سنجیدہ تعلق اُستوار کرنا میرے ملک کے لیے انتہا درجے کی اہمیت کا حامل ہے۔‘‘

نائب چینی صدر کے ساتھ مذاکرات سے پہلے جو بائیڈن نے بیجنگ کے گریٹ ہال میں دیے جانے والے ایک استقبالیے میں شرکت کی۔ اِس دورے کے دوران چینی نائب صدر ہی جو بائیڈن کے میزبان ہیں۔

نائب چینی صدر ژی جن پنگ اس دورے میں جو بائیڈن کے میزبان ہیں
نائب چینی صدر ژی جن پنگ اس دورے میں جو بائیڈن کے میزبان ہیںتصویر: AP

چینی میڈیا کے مطابق اس دورے کے دوران امریکہ کے قرضوں کے بحران کے ساتھ ساتھ چینی کرنسی کی قدر و قیمت اور تائیوان کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت جیسے موضوعات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ ’چائنا ڈیلی‘ کے مطابق ’واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان اختلاف رائے کی سب سے بڑی وجہ امریکی اسلحے کی تائیوان کو فروخت ہے، جسے چین اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے۔ بائیڈن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ خود اُن کا تائیوان کے موضوع پر بات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اپنے اِس پانچ روزہ دورے کے دوران بائیڈن کل جمعے کو چینی صدر ہو جن تاؤ اور وزیر اعظم وَین جیا باؤ کے ساتھ بھی بات چیت کرنے والے ہیں۔ چین کے بعد امریکی نائب صدر آئندہ پیر کو منگولیا اور منگل کو جاپان کا دورہ کریں گے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں