1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نادال کی مرے کے ہاتھوں شکست

17 فروری 2009

عالمی نمبر تین برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے نمبر ایک رافائل نادال کو Rotterdam میں کھیلے جانے والے عالمی ٹینس ٹورنامنٹ میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

https://p.dw.com/p/GvV7
رافائل نادال نے ابھی چند روز قبل عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کو آسٹریلین اوپن کے فائنل میں شکست دے کر گرینڈ سلیم اپنے نام کیا تھاتصویر: AP

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ اینڈی مرے نے رافائل نادال کو 51 منٹ کے کھیل میں چھ تین، چار چھ اور چھ صفر سے شکست دی۔ یہ اینڈی مرے کے کیرئیر کا 10 واں ٹائٹل ہے۔

عالمی نمبر ایک رافائل نادال جنہیں گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پورے میچ میں سخت مشکلات کا سامنا رہا دوسرے سیٹ میں جیت کے باوجود تیسرے سیٹ میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دیئے۔

میچ کے بعد اینڈی مرے کا کہنا تھا:’’ رافائل سے معذرت، میں جانتا ہوں اس کی ٹانگ زخمی ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ یہ نادال کے بہترین کھلاڑی ہونے کی نشانی ہے کہ وہ انہیں ایک ٹانگ پر کھیلتے ہوئے بھی ہرانے کی سکت رکھتے ہیں۔

برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے خود بھی ان فٹ ہونے کے باعث اگلے ہفتے سے Marseille میں شروع ہونے والے ٹینس ٹورنامنٹ سے اپنا نام واپس لے چکے ہیں۔

اتوار کے روز کھیلے جانے والے فائنل میچ میں ان کے کھیل سے بالکل دکھائی نہیں دیا کہ وہ ان فٹ ہیں۔ تیزی سے ابھر کر سامنے آنے والے اینڈی مرے نے پچھلے سال کے آخر میں یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں بھی عالمی نمبر ایک رافائل نادال کو شکست دی تھی تاہم رواں سال کے آغاز میں ہونے والے آسٹریلین اوپن میں وہ اپنی بھرپور فارم میں دکھائی نہیں دئیے۔