1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناگپور میں نمبر ایک ٹیم بھارت کوعبرتناک شکست

9 فروری 2010

جنوبی افریقہ نے عالمی کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ درجہ بندی میں نمبر ایک ٹیم بھارت کو ناگپور ٹیسٹ میں ایک اننگز اور چھ رنز سے عبرتناک شکست دے دی ہے۔ ڈبل سنچری بنانے والے ہاشم آملا مین آف دی میچ قرار پائے۔

https://p.dw.com/p/Lx4E
ڈیل سٹین نے ناگپور ٹیسٹ میں کل دس وکٹیں حاصل کیںتصویر: AP

ساوٴتھ افریقہ نے بھارتی شہر ناگپور میں دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز کے پہلے میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے 558 رنز بنائے، جن میں ہاشم آملا کی ڈبل سنچری اور آل راوٴنڈر ژاک کیلس کی سنچری شامل تھی۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 233 اور پھر فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں 319 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح یہ میچ جنوبی افریقہ کی جھولی میں چلا گیا۔

Indien Cricketspieler Virender Sehwag
جارحانہ بھارتی بیٹسمین سہواگ نے پہلی اننگز میں سنچری بنائیتصویر: UNI

پہلی اننگز میں بھارت کی طرف سے اوپنر وریندر سہواگ نے جبکہ دوسری اننگز میں ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے سنچری بنائی، مگر ان دو بیٹسمینوں کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ جنوبی افریقی گیندباز ڈیل سٹین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس میچ میں کل دس وکٹیں حاصل کیں۔

ناگپور ٹیسٹ میں بھارتی بیٹسمین ’دی وال‘ راہل ڈراوڈ، وی وی ایس لکشمن اور یووراج سنگھ زخمی ہونے کے باعث نہیں کھیل سکے۔ راہل ڈراوڈ کی جگہ مرلی وجے اور لکشمن کی جگہ بدری ناتہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

Graeme Smith
جنوبی افریقی کپتان گریم سمتھتصویر: AP

جنوبی افریقہ نے ناگپور ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کی ہے۔ کپتان گریم سمتھ نے اس کامیابی کو ’زبردست ٹیم ورک‘ قرار دیا۔ سمتھ نے خاص طور سے فاسٹ بولر ڈیل سٹین اور بیسٹمین ہاشم آملا اور آل راوٴنڈر ژاک کیلس کی کارکردگی کا تذکرہ کیا۔ دوسری جانب بھارتی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے ان کی ٹیم کو کھیل کے ہر شعبے، بیٹنگ، فیلڈنگ اور بولنگ میں پسپا کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان موجودہ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ چودہ فروری سے کولکتہ میں شروع ہو رہا ہے۔ اس سیریز میں کامیابی کی صورت میں جنوبی افریقی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں بھارت کو پیچھے دھکیلتے ہوئے پہلے نمبر پر آجائی گی اور ڈرا کی صورت میں بھارت اپنی پوزیشن پر قائم ر ہے گا۔

اس وقت بھارتی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کے اعتبار سے سب سے مضبوط یعنی نمبر ایک ٹیم ہے، لیکن جنوبی افریقہ نے جس انداز میں اسے ناگپور ٹیسٹ میں ہرایا اس نے کئی کٹھن سوالات کو جنم دیا ہے۔ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے ناگپور ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کر کے کل دس وکٹیں حاصل کیں۔ سٹین کی سوینگ اور رفتار کے سامنے تمام ہی بھارتی بیٹسمین بے بس نظر آئے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک