1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نجم سیٹھی کے لیے عالمی ایوارڈ برائے آزادی صحافت

1 دسمبر 2009

پاکستانی صحافی نجم سیٹھی کو منگل کے روز بھارتی شہر حیدرآباد میں اخبارات کی عالمی انجمن WAN نے پریس فریڈم ایوارڈ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/KnCr
پاکستان میں متعدد صحافی عسکریت پسندوں کا ہدف بن چکے ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

عالمی تنظیم نے انہیں یہ ایوارڈ عسکریت پسندوں کی جانب سے مسلسل قتل کی دھمکیوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے اور آزادی اظہار پر حرف نہ آنے دینے کی ان کی کوششوں پر دیا۔ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے اپنے زیر قبضہ کئی پاکستانی علاقوں میں ان کے اخبارات کی فروخت رکوا دی ہے اور انہیں قتل کی مسلسل دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔

’’میرے خاندان کی زندگی سخت خطرے میں ہے۔ ہمیں ہر وقت آٹھ کمانڈوز کے حصار میں زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔‘‘

نجم سیٹھی نے کہا کہ عسکریت پسند اب حکومتوں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے لئے بھی بڑا خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ طویل عرصے تک پاکستان اور بھارت کے درمیان بیک ڈور ڈپلومیسی کے حوالے سے اپنی خدمات سرانجام دینے والے نجم سیٹھی نے کہا کہ عسکریت پسندوں نے انہیں اپنی ہٹ لسٹ میں شامل کر رکھا ہے۔

نجم سیٹھی کے مطابق : ’’دونوں ممالک کے میڈیا کوکم علم اور سطحی ذہنیت رکھنے والے قوم پرستوں کی بے جاء مداخلت کا سامنا ہے۔‘‘

ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کے لئے جنوبی ایشیا میں قیام امن کی کوششوں اور خدمات کے حوالے سے ان کے حوصلے میں اضافے کا باعث ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک