1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نصرت بھٹو کو سپرد خاک کر دیا گیا

25 اکتوبر 2011

سابق خاتون اوّل نصرت بھٹو کو گڑھی خدا بخش میں ان کے شوہر ذوالفقار علی بھٹو کے پہلو میں اشک بار آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری سمیت ہزاروں افراد نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/12y7K
تصویر: Abdul Sabooh

گڑھی خدا بخش میں بھٹو خاندان کے آبائی قبرستان میں مقامی وقت کے مطابق چھ بج کر بیس منٹ پر نصرت بھٹو کے جسد خاکی کو لحد میں اتارا گیا۔ نصرت بھٹو کی قبر ان کے شوہر اور پاکستان کے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پہلو میں بنائی گئی ہے۔ نصرت بھٹو ایک اور پاکستانی وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی والدہ بھی تھیں۔ بے نظیر بھٹو کو سن دو ہزار سات میں راولپنڈی میں قتل کیا گی تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو 1979 میں اس وقت کے فوجی آمر جنرل ضیاالحق نے پھانسی دی تھی۔

قبل ازیں نصرت بھٹو کی نماز جناہ نوڈیرو ہاؤس میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاکستانی صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مختلف وفاقی و صوبائی وزراء سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

Flash-Galerie Mächtige Politikerinnen Benazir Bhutto
بے نظیر بھٹو 2007ء میں راولپنڈی میں ایک دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہوئیںتصویر: picture alliance/dpa

82 سالہ نصرت بھٹو کا انتقال اتوار 23 اکتوبر کو دبئی میں ہوا۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھیں۔ بیگم نصرت بھٹو ایک متمول ایرانی خاندان میں پیدا ہوئیں جو کراچی منتقل ہو گیا تھا۔ 1951ء میں ان کی شادی اس وقت کے معروف سیاسی خاندان کے فرزند اور مستقبل کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے ہوئی۔ نصرت بھٹو کو پیپلز پارٹی میں بھی نہایت عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ وہ کئی مرتبہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی رکن بھی منتخب ہوئیں۔ ان کی زندگی سیاسی مشکلات اور ذاتی دکھوں سے عبارت ہے۔ اپنے شوہر کے علاوہ انہیں اپنے چار میں سے تین بچوں کی موت دیکھنا پڑی۔ ان کے بیٹے مرتضی بھٹو کو کراچی میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا جبکہ ان کے بیٹے شاہنواز فرانس میں پر اسرار طور پر انتقال کر گئے تھے۔ ان کی بیٹی بے نظیر بھٹو 2007ء میں راولپنڈی میں ایک دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہوئیں۔

سن 1979 میں ذوالفقار علی کی پھانسی کے بعد نصرت پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرمین رہیں۔ سن 1984 میں یہ عہدہ بے نظیر بھٹو کے حوالے کر دیا گیا۔ جنرل ضیاالحق کے دور میں پہلے انہیں نظر بند رکھا گیا اور بعد میں جیل بھیج دیا گیا۔ کئی سال جیل میں گزارنے کے بعد انہیں بیروں ملک اعلاج کی غرض سے جلا وطن کر دیا گیا۔

سابق صدر اور وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی والدہ بیگم نصرت بھٹو کے انتقال پر پاکستان میں 10 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں