1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کا پاکستانی زیرانتظام کشمیر میں ترقی کا وعدہ

بینش جاوید22 جولائی 2016

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے اس علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کا وعدہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JUQQ
Pakistan Premierminister Nawaz Sharif
تصویر: Abdul Ghani Kakar

خبر رساں ایجسنی اے پی کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔ پاکستانی زیرانتظام کشمیر کے حالیہ انتخابات میں ان کی سیاسی جماعت نے اس علاقے کی اسمبلی میں 41 میں سے 31 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

ان انتخابات کا انعقاد پاکستان میں ’یوم سیاہ‘ کے ایک دن بعد کیا گیا تھا۔ پاکستان نے بھارت کے زیرانتطام کشمیر میں مظاہروں اور احتجاجی ریلیوں میں نوجوانوں کی ہلاکت پر 20 جولائی کو بطور احتجاج ’یوم سیاہ‘ منایا۔

8 جولائی کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے کشمیری علیحدگی پسند تنظیم حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران اب تک درجنوں کشمیری ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

مظفرآباد میں ایک بڑے مجمع کے سامنے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نے کشمیر کے حوالے سے کہا، ’’ہم اس دن کا انتظار کرر ہے ہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔‘‘

Kaschmir Auseinandersetzungen in Srinagar
کشمیر کی سرزمین کے حوالے سے بھارت اور پاکستان کے متضاد دعوے ہیں جس کے باعث کشمیر میں تشدد کا سلسلہ جاری رہتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/F. Khan

بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے باغی یا تو کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں یا پھر بھارت سے الگ ہو کر کشمیر کو ایک خود مختار ریاست بنانا چاہتے ہیں۔

کشمیر کی سرزمین کے حوالے سے بھارت اور پاکستان کے متضاد دعوے ہیں جس کے باعث کشمیر میں تشدد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔