1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق تاریخی فیصلہ

23 اگست 2007

سپریم کوٹ آف پاکستان نے جمعرات 23 اگست کو اپنے تاریخی فیصلے میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی جلا وطنی ختم کرتے ہوئے واپس پاکستان آ سکتے ہیں۔ اِس فیصلے کو پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف کے لئے ایک اور دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ شریف اور اُن کے خاندان کے افراد کو پاکستان کے شہری ہونے کے ناتے پاکستان آنے اور یہاں قیام کرنے کا ہر طرح کا حق حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/DYGc
پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف
پاکستان کے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریفتصویر: AP

چیف جسٹس نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ حکام کو شریف برادران کی واپسی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوَٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔ عدالتِ عظمےٰ کے باہر نواز شریف اور اُن کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کے درجنوں حامی جمع تھے، جو فیصلہ سنتے ہی خوشی کے ساتھ نعرے بلند کرنے لگے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے ایک سرکردہ رہنما احسن اقبال نے اِس فیصلے کو پاکستان میں جمہوریت اور عدل و انصاف کے لئے ایک بڑی فتح قرار دیا۔ احسن اقبال کے مطابق اب جنرل مشرف کو جان لینا چاہیے کہ معاملات اُن کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں اور مشرف جتنی جلد یہ محسوس کریں گے اور جتنی جلد مستعفی ہونے کا فیصلہ کریں گے، اُتنا ہی اُن کے لئے بہتر ہو گا۔