1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نون لیگ کے سخت بیانات، کیا عدلیہ کے خلاف اعلانِ جنگ ہے؟

عبدالستار، اسلام آباد
8 نومبر 2017

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے عدلیہ مخالف بیان نے پاکستان کے سیاسی ماحول کو ایک بار پھر گرما دیا ہے اور کئی سیاست دان اسے عدلیہ کے خلاف کھلی جنگ قرار دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2nIE9
Pakistan Nawaz Sharif, Ex-Premierminister
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

میاں نواز شریف نے آج بدھ آٹھو نومبر کی صبح نیب عدالت میں حاضری کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جج بغض سے بھرے پڑے ہیں۔ بغض اور غصہ ان کے الفاظ میں آگیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سارا بغض، غصہ اور الفاظ تاریخ کا سیاہ باب بنیں گے۔
اس بیان سے پہلے مریم نواز شریف نے بھی اپنی ٹوئیٹ میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر شدید تنقید کی تھی اور یہ الزام لگایا تھا کہ انصاف کی کرسی سے زہر اگلا جارہا ہے۔
پاکستان میں سیاست دانوں نے ان بیانات پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف پر الزام لگایا کہ وہ اداروں کو تباہ کر رہے ہیں اور اپنی کرپشن بے نقاب ہونے پر ججوں پر حملے کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ نے صرف ان بیانات پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ پارٹی کی طرف سے بدھ کی شام ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس میں یہ کہا گیا کہ نواز شریف مقبول ترین رہنما ہیں اور یہ کہ ان کے خلاف تضحیک آمیز زبان استعمال کی گئی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا، ’’شاعری کا سوال لے کر رہبری کا سوال اٹھایا گیا۔ رہبری والوں نے پاکستان بنایا اور قربانیاں دیں۔ وہی پھانسی پر چڑھے، ملک بدر ہوئے اور نا اہل ہوئے۔ نواز شریف کے خلاف جو کچھ کہا گیا وہ کسی بھی سطح کی عدالتی زبان پر پورا نہیں اترتا۔ بینچ نے ماتحت عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ بغض، عناد، غصہ اور اشتعال افسوسناک ہے۔‘‘
اس اعلامیے سے اب کئی حلقوں میں یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ تصادم صرف نواز شریف نہیں بلکہ ان کی پارٹی کے زیادہ تر افراد چاہتے ہیں۔
اس صورتِ حا ل پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور ماضی میں نواز شریف کے قریب سمجھے جانے والے نون لیگی رہنما سردار دوست محمد کھوسہ نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ’’مسئلہ یہ ہے میاں صاحب عدلیہ سے تصادم کرنا چاہتے ہیں اور اس کے علاوہ وہ ایک اور ریاستی ادارے سے بھی تصادم چاہتے ہیں تاکہ وہ سیاسی شہید بن سکیں اور عوام کی ہمدردیاں حاصل کریں لیکن اب لوگ ان کاساتھ نہیں دیں گے۔ جو لوگ دو ہزارتیرہ میں ان کے پاس آئے تھے ۔ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے اس سے پہلے مشرف، پی پی پی اور دوسری جماعتوں میں کام کیا اور وہ اب میاں صاحب کے اردگرد نظر آرہے ہیں۔ بُرا وقت آنے پر وہ فوراﹰ بھاگ جائیں گے۔ جن لوگوں کی اپنی ذاتی سیاسی بنیادیں نہیں ہیں جیسے کہ خواجہ آصف یا خواجہ سعد رفیق یا ان ہی جیسے لوگ شاید میاں صاحب کے ساتھ رہ جائیں۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’’جن لوگوں نے میاں صاحب کا برے وقت میں ساتھ دیا جیسا کہ غوث علی شاہ، میرے والد سردار ذوالفقار کھوسہ تو ان لوگوں کو میاں صاحب نے بھلا دیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج انہیں یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ اس صورتِ حال میں یہ تصادم کی پالیسی اختیار کرتے ہیں تو ان کے ساتھ کوئی نہیں آئے گا۔‘‘
پی پی پی کے ترجمان اور سابق رکنِ قومی اسمبلی چوہدری منظور نے اس مسئلے پر اپنی رائے دیتے ہوئے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’نون لیگ کی پالیسی یہ ہے کہ عدالتوں پر دباؤ ڈالا جائے۔ دوسرے مرحلے میں جمہوری نظام کو ڈی ریل کیا جائے اور پھر سیاسی شہید بن کر عوام میں ہیرو بننے کی کوشش کی جائے۔ اور پھر معاشی نظام کو مکمل طور پر تباہ کیا جائے تاکہ وہ کہہ سکیں کہ ان کے جانے سے معاشی نظام تباہی کا شکار ہوگیا۔ ان کا تو بس نہیں چلتا ورنہ یہ لوگ عدالتوں پر حملے کریں جیسا کہ انہوں نے ماضی میں کیا۔ انہوں نے صرف آج ہی عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ نہیں کیا بلکہ یہ جنگ تو پہلے سے ہی چل رہی ہے۔‘‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پی پی پی کی اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل ہوگئی ہے: ’’ہماری ڈیل اس ملک کی عوام سے ہے۔ ہم نے اس ملک میں جمہوریت کے لیے جیلیں کاٹیں ہیں، کوڑے کھائے ہیں اور بہت ساری مشکلات جھیلیں۔ اب اگر جمہوریت کو کوئی خطرہ ہوا تو ہم پھر جدوجہد کریں گے لیکن نون لیگ سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔‘‘

Pakistan Maryam Nawaz Sharif Tochter des Ex-Regierungschefs
مریم نواز شریف نے بھی اپنی ٹوئیٹ میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر شدید تنقید کی تھی اور یہ الزام لگایا تھا کہ انصاف کی کرسی سے زہر اگلا جارہا ہےتصویر: Imago/UPI Photo
اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید