1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ میں بھیڑیں بھی قانون کی محافظ

عاطف توقیر22 جنوری 2016

نیوزی لینڈ کے جنوب میں پولیس سے بھاگنے والے چار ملزمان کو پولیس نے 90 منٹ کی دوڑ دھوپ کے بعد گرفتار کر لیا، مگر ان کی گرفتاری کی وجہ بھیڑیں تھیں۔

https://p.dw.com/p/1HiBa
Symbolbild Schafe zählen
تصویر: Imago

نیوزی لینڈ اپنی بھیڑوں کی وجہ سے پوری دنیا میں شہرت رکھتا ہے لیکن یہ کوئی نہیں جانتا تھا کہ یہ بے ضرر سا جانور امن و امان قائم رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ اس کا اندازہ ایک تازہ واقعے سے ہوتا ہے، جو سیاحتی علاقے کوئنز ٹاؤن کے نواح میں پیش آیا۔

پولیس سے بھاگنے والے چار ملزمان اپنی کار دوڑاتے جا رہے تھے اور پولیس پیچھا کر رہی تھی۔ یہ سلسلہ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا، مگر پھر ان مفرور ملزمان کے راستے پر بھیڑوں کا ایک غول آن کھڑا ہوا اور یہ ملزمان اپنی گاڑی آگے نہ بڑھا سکے۔

Schafherde Neuseeland
تصویر: P. Walter/Getty Images

بتایا گیا ہے کہ گاڑی پر سوار چار ملزمان کا تیز رفتار تعاقب مرکزی اوٹاگو ضلع سے سیاحتی علاقے کوئنز ٹاؤن تک جاری رہا۔ پولیس کے مطابق ان ملزمان کوحد رفتار سے تیز گاڑی چلانے اور نمبر پلیٹ کی عدم موجودگی کی وجہ سے رکنے کے لیے کہا گیا، مگر انہوں نے گاڑی دوڑا دی اور پولیس نے تعاقب شروع کر دیا۔

اس تیز رفتار دوڑ میں ایک مقام پر بھیڑوں کی وجہ سے ان ملزمان کو گاڑی روکنا پڑی اور یوں یہ چاروں پولیس کے نرغے میں آ گئے۔ پولیس کے مطابق اس گاڑی میں سوار ایک مرد اور تین خواتین کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جب کہ ان کے خلاف الزامات طے کیے جا رہے ہیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ پر دکھائی جانے والی تصاویر میں پولیس نے ان ملزمان کو ہتھکڑیاں لگا رکھی ہیں، جب کہ آس پاس قریب ایک سو بھیڑیں کھڑی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں کوئی بھیڑ زخمی نہیں ہوئی۔ پولیس کے مطابق اس تمام کارروائی میں کئی پولیس کاریں استعمال کی گئیں۔

نیوزی لینڈ کی آبادی 4.6 ملین ہے جب کہ وہاں 30 ملین بھیڑیں بھی موجود ہیں۔