1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ میں زلزلے کے طاقتور جھٹکے

4 ستمبر 2010

نیوزی لینڈ میں زلزلے کے طاقتور جھٹکوں کے بعد ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ 7 اعشاریہ ایک کی شدت سے آنے والے اس زلزلے نے ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں تباہی پھیلا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/P442
فائل فوٹوتصویر: AP

نیوزی لینڈ کے حکام نے ابھی تک انسانی جان کے ضیاع کے کسی واقعہ کی تصدیق نہیں کی۔ کرائسٹ چرچ میں مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح ساڑھے چار بجے آنے والے اس زلزلے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، سڑکیں اکھڑ گئیں اور بہت سے عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ سڑکوں پر جابجا گاڑیاں کھائیوں میں دھنس گئی ہیں۔ لگ بھگ ساڑھے تین لاکھ کی آبادی والے اس شہر میں بحالی کے کاموں میں بہتر رابطے کے لئے ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے۔

شہر کے ایک ہسپتال میں دو افراد زخمی حالت میں لائے گئے ہیں۔ ایک شخص پر گھر کی چمنی گری جبکہ دوسرے کو شیشے سے گہرا زخم لگا ہے۔ دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

شہری دفاع کے وزیر جون کارٹر نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم ان پر نعمت نازل ہوئی کہ اس قدر طاقتور زلزلے کے باوجود جانی نقصان نہیں ہوا۔ کارٹر نے واضح کیا ہے کہ زلزلے کے سبب مالی نقصان البتہ خاصا زیادہ ہوا ہے۔ مقامی ٹیلی ویژن سے بات چیت میں کارٹر نے کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگانے میں وقت لگے گا۔

Neuseeland Landschaft
لگ بھگ چالیس لاکھ کی آبادی والا یہ ملک دنیا کے دیگر ممالک کو درپیش بہت سے سیاسی و اقتصادی نوعیت کی مشکلات سے پاک تصور کیا جاتا ہےتصویر: AP

کرائسٹ چرچ کے میئر باب پارکر نے صحافیوں کو بتایا کہ شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی پائپ لائنیں، بجلی کی فراہمی کا نظام اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بحر الکاہل کے سونامی مرکز کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس زلزلے کے بعد کسی قسم کی کوئی سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔

زلزلے کے فوری بعد مضافاتی علاقوں میں لوٹ مار کے چند واقعات بھی پیش آئے۔ کرائسٹ چرچ کے ہوائی اڈے کے رن وے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ نیوزی لینڈ میں اس قدر طاقتور زلزلہ 1968ء میں آیا تھا، جس سے تین شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ حالیہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کے بعد شہری انتظامیہ سرگرم ہوگئی ہے اور آبادی کو بجلی و پانی کی فراہمی کا متبادل نظام وضع کرلیا گیا ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید