1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ: بھارت کا شاندار آغاز

4 نومبر 2010

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جمعرات سے احمد آباد میں شروع ہو گیا ہے۔ وریندر سہواگ کی شاندار اننگز کی بدولت پہلے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے۔

https://p.dw.com/p/Py90
وریندر سہواگتصویر: AP

بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور چائے کے وقفےتک اوپنر گوتم گھمبیر کی وکٹ گنوانے پر اس کا مجموعی سکور 243 تھا، جو دن کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 329 ہو گیا۔

بھارت کی جانب سے پہلے دن کے ٹوٹل سے نیوزی لینڈ کے لئے اس ٹیسٹ میں آنے والی مشکلات کا اندازہ ہوتا ہے۔ میزبان ٹیم کے لئے صبح کے وقت ٹاس جیتنا بالکل ایسے ہی تھا، جیسے قسمت کی دیوی بھی ان پر مہربان ہو۔ ٹاس جیتنے پر کپتان ایم ایس دھونی نے کہا، ’ہاں، ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہیں گے۔‘

اس خبر پر باؤنڈری کے باہر کھڑے ہربھجن سنگھ خوشی سے اچھل پڑے۔ سہواگ نے شاندار اننگز کھیلی۔ وہ ایک چھکے اور 24 چوکوں کی مدد سے 173رنز بنا چکے تھے، جب ڈینیئل ویٹوری نے ان کی ڈبل سنچری کی کوشش ناکام بنا کر انہیں واپس پویلین بھیج دیا۔ میچ کے پہلے روز سہواگ نے جو سنچری بنائی، وہ ان کی 22 ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔

راہول ڈراوڈ نے بھی سنچری سکور کی ہے۔ وہ 104رنز پر کرس مارٹن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم پہلے دن کے کھیل میں آخری سیشن نیوزی لینڈ کے حق میں رہا، جس میں مہمان ٹیم نے سہواگ اور ڈراوڈ دونوں کی وکٹیں حاصل کر لیں اور صرف 86 رنز دئے۔ اس سے قبل مہمان ٹیم کے کھلاڑی ان دونوں بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کے دو قیمتی مواقع ضائع کر چکے تھے۔

Rahul Dravid
راہول ڈراوڈتصویر: ap

بھارتی ٹیم کی پہلی وکٹ 60 کے سکور پر گری، دوسری 297 پر اور تیسری وکٹ 317 کے مجموعی سکور پر گری۔ دن کے اختتام پر سچن تندولکر 13 اور وی وی ایس لکشمن سات رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ میزبان ٹیم کے لئے پہلے دن کے کھیل میں مایوس کن موقع صبح کے سیشن میں گوتم گھمبیر کی وکٹ کا جانا تھا، جو 21 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اس ٹیسٹ سیریز میں تین میچ کھیلے جائیں گے۔ دوسرا میچ 12 نومبر سے حیدرآباد میں جبکہ فائنل ٹیسٹ 20 نومبر سے ناگپور میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں