1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیویارک میں پاکستانی گندھارا آرٹ کی نمائش

10 اگست 2011

نیویارک کے ایشیا سوسائٹی میوزیم میں منگل نو اگست سے گوتم بدھ کے نادر مجسموں، بدھ مت دور کے تعمیراتی نمونوں اور سونے اور کانسی کے کام کی نمائش کا آغاز ہوگیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12Dml

یہ تاریخی نمونے جن میں سے اکثر پہلے کبھی امریکہ میں نمائش کے لیے نہیں پیش کیے گئے پاکستان میں واقع گندھارا علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ نمائش دراصل رواں برس مارچ میں شروع ہونا تھی تاہم پاکستان اور امریکہ کے درمیان ویزہ سے متعلق مسائل کی وجہ سے اس کے آغاز میں تاخیر ہوئی۔

’دی بدھسٹ ہیریٹیج آف پاکستان : آرٹ آف گندھارا‘ کے نام سے یہ نمائش تین ماہ کے لیے منعقد کی گئی ہے۔ اس میں رکھے گئے اکثر نمونے کراچی اور لاہور کے عجائب گھروں سے مستعار لیے گئے ہیں۔ ایشیا سوسائٹی میوزیم کی ڈائریکٹر میلیسا چیو Melissa Chiu کے مطابق: ’’ یہ ایک ابتدائی ثقافت تھی، یہ بدھ ثقافت تھی اور یہ پہلا موقع ہے کہ بدھا کو ایک تمثیلی شکل میں دیکھ رہے ہیں۔‘‘

نمائش میں چوتھی صدی عیسوی کا بدھا کا ایک مجسمہ بھی رکھا گیا ہے
نمائش میں چوتھی صدی عیسوی کا بدھا کا ایک مجسمہ بھی رکھا گیا ہےتصویر: People's Repblic of China

اس نمائش میں رکھے گئے اہم نمونوں میں ایک کا جسے وژن آف دی بدھا پیرا ڈائز کا نام دیا گیا ہے، تعلق چوتھی صدی عیسوی سے ہے جبکہ پہلی صدی کا ایک مجسمہ بھی اس نمائش میں رکھا گیا ہے جس میں پروں والی حسن کی دیوی ایک کھمبے سے ٹیک لگائے ہوئے ہے۔

1960ء کے بعد سے یہ امریکہ میں پہلی گندھارا نمائش ہے۔ اس وقت بھی ایشیا سوسائٹی نے ہی گندھارا دور کے مجسموں کی نمائش کا اہتمام کیا تھا اور یہ امریکہ میں ایسی نمائش پہلا موقع تھا۔ میلیسا چیو نے گندھارا آرٹ کے ان نمونوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا: ’’صرف امریکی لوگوں کی ہی خواہش نہیں تھی کہ امریکہ میں یہ نمائش منعقد کی جائے بلکہ پاکستان میں موجود لوگ بھی ایسا ہی چاہتے تھے۔‘‘ چیو نے مزید کہا: ’’ ہم لوگوں کو دکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں، جس کے بارے میں لوگ یہاں اتنا زیادہ نہیں جانتے، کس قدر بھرپو ثقافتی اثاثہ موجود ہے۔‘‘

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں