1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیو یارک سب وے سسٹم میں جنسی جرائم میں ساٹھ فیصد اضافہ

مقبول ملک22 جون 2016

امریکی شہر نیو یارک کے زیر زمین ریلوے نظام یا سب وے سسٹم میں رونما ہونے والے جنسی جرائم کی شرح میں اس سال کے دوران اب تک گزشتہ برس کے مقابلے میں قریب ساٹھ فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جو ریاستی گورنر کے بقول ’ناقابل قبول‘ ہے۔

https://p.dw.com/p/1JBO6
New York U-Bahn
نیو یارک سب وے سسٹم کا جے سٹریٹ اسٹیشنتصویر: Chip Somodevilla/Getty Images

امریکی ریاست نیو یارک کے اسی نام کے شہر سے، جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کے بہت بڑے شہروں میں شمار ہوتا ہے، بدھ بائیس جون کو موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس وسیع و عریض شہر میں عوامی آمد و رفت کے ذرئع کے ذمے دار ادارے میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو مقامی ریلوے کے زیر زمین نظام کو زیادہ محفوظ اور جرائم سے پاک بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے ریاستی گورنر اینڈریو کومو کے مطابق نیو یارک سٹی کے سب وے سسٹم میں تیزی سے بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کے واقعات کی روک تھام کے لیے زیادہ مؤثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

ریاستی گورنر اینڈریو کومو نے کہا کہ انڈرگراؤنڈ ریلوے نیٹ ورک کی حدود میں مجرمانہ ذہنیت کے حامل افراد کی طرف سے کیے جانے والے جنسی حملوں کی روک تھام کے لیے وہاں پولیس اہلکاروں کا گشت بڑھایا جانا چاہیے۔ کومو نے کہا ہے کہ اس مقصد کے لیے اب سب وے سسٹم میں سادہ کپڑوں میں ملبوس زیادہ تعداد میں ایسے پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جو وہاں نازیبا اور مجرمانہ انسانی رویوں کے تدارک کو یقینی بنا سکیں۔

نیو یارک شہر کی پولیس کے مطابق گزشتہ برس شہر کے سب وے سسٹم میں جن جنسی جرائم کا ارتکاب کیا گیا تھا، ان کی تعداد 275 بنتی تھی۔ لیکن اس سال اب تک ایسے جنسی حملوں کی تعداد بڑھ کر 431 ہو چکی ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیو یارک سب وے سسٹم میں ایسے جرائم کی تعداد میں پچھلے سال کے مقابلے میں اب تک 156 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو قریب 60 فیصد بنتا ہے۔

U-Bahn in New York
نیو یارک شہر میں سب وے یا میٹرو کے ذریعے ہر سال سینکڑوں ملین مسافر سفر کرتے ہیںتصویر: Spencer Platt/Getty Images

ریاستی گورنر اینڈریو کومو کے مطابق شہر میں رونما ہونے والے جنسی جرائم کی شرح میں یہ اضافہ ’قطعی طور پر ناقابل قبول‘ ہے۔ اس کے برعکس نیو یارک کے محکمہ پولیس NYPD کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسے جرائم کی شرح میں اضافہ ایسے جنسی حملوں کی تعداد میں کسی حقیقی اضافے کی نشاندہی نہیں کرتا۔ پولیس کے مطابق، ’’اصل میں ایسے جرائم کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، بلکہ زیادہ سے زیادہ متاثرین پولیس کو ایسے جرائم کی اطلاع دینے لگے ہیں۔‘‘

اس بارے میں نیو یارک کی میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ اتھارٹی MTA کے ایک ترجمان نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ان کا دارہ ایسے جرائم کے ارتکاب کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے اور سب وے مسافروں کے خلاف جنسی جرائم کے مرتکب مجرموں کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید