1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو حکام سے ملنے والا طالبان لیڈر جعلی نکلا

23 نومبر 2010

معتبر امریکی روز نامے ’دی نیو یارک ٹائمز‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ دنوں میں جو شخص نیٹو حکام سے بطور طالبان لیڈر خفیہ بات چیت کے عمل میں مصروف تھا، حقیقت میں اس کا طالبان سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

https://p.dw.com/p/QFrI
ایک طالبان لیڈر میڈیا سے بات کرتے ہوئےتصویر: AP

امریکی اخبار کے مطابق ملا اختر محمد منصور کی حیثیت سے جو شخص طالبان لیڈر بن کر افغان صدر اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے نمائندوں سے تین ملاقاتوں میں خفیہ بات چیت کے عمل کو جاری رکھے ہوئے تھا، وہ ایک جعلی طالبان لیڈر تھا۔ امریکی حکام نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اس شخص کے ساتھ مذاکراتی عمل ختم کر دیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا تھا کہ اِس جعلی لیڈر نے افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ بھی ملاقات کی تھی تاہم کرزئی نے اس شخص کے ساتھ ملاقات کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

ملا اختر محمد منصور نامی شخص سے بات چیت کے عمل کی باضابطہ پہلی بار رپورٹنگ ’دی نیو یارک ٹائمز‘ ہی نے بیس اکتوبر کو شائع کی تھی۔ تب اخبار نے شائع کیا تھا کہ طالبان کمانڈروں کے ساتھ براہ راست بات چیت کا عمل زور شور سے شروع کر دیا گیا ہے۔

اس جعلی شخص کے ساتھ رابطے کے بعد امریکہ اور یورپی ملکوں میں اس بات چیت کو مزید استحکام دینے کی شدید خواہش بھڑک اٹھی تھی۔ اس بات چیت کا اہتمام نیٹو کے توسط سے جاری تھا۔ یہ عندیہ بھی دیا گیا تھا کہ فریقین کے درمیان ایسے رابطے گزشتہ دو برسوں سے اُستوار چلے آ رہے ہیں۔ اس جعلی لیڈر سے ملاقات کرنے والوں میں افغانستان میں غالباً نیٹو اتحاد کے سویلین نمائندے مارک سیڈوِل (Mark Sadwill) بھی شامل ہیں۔

Karsai und Holbrooke
حامد کرزئی اور رچرڈ ہالبروک: فائل فوٹوتصویر: AP

بعد میں امریکی اور نیٹو حکام کے علاوہ افغان حکومتی ذرائع نے واضح کیا تھا کہ بات چیت کا جو عمل جاری تھا، وہ انتہائی ابتدائی نوعیت کا تھا۔ اس ابتدائی نوعیت کی بات چیت کے حوالے سے پاکستان اور افغانستان کے لئے خصوصی امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک نے بھی ایک بیان جاری کیا تھا۔ مسلمان انتہا پسندوں کو مرکزی سیاسی دھارے میں لانے کے لئے مقرر کردہ افغان وزیر محمد معصوم سٹینک زئی نے بھی اس بات چیت کو ایک نیٹ ورک استوار کرنے سے تعبیر کیا تھا۔ اس کی بھی تردید کی گئی ہے کہ خود ساختہ طالبان کمانڈر ملا اختر محمد منصور کو کابل سے پاکستان تک جانے کی بھی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔

گزشتہ دنوں عیدالاضحیٰ کے موقع پر انتہا پسند طالبان کے اہم ترین لیڈر ملا عمر کے بیان میں مغربی طاقتوں کے ساتھ بات چیت کے تمام عمل کی خبروں کو من گھڑت اور گمراہ کن افواہوں سے تعبیر کیا گیا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں