1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو کو شکست ہوگی، قذافی کا دعویٰ

18 جون 2011

لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کو شکست دے کر رہیں گے۔ گزشتہ روز دارالحکومت طرابلس کے سبز چوک پر حکومت کے ہزاروں حامیوں کے سامنے کرنل قذافی کا براہ راست صوتی خطاب نشر کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/11ea9
تصویر: AP

طرابلس اور اس کے اطراف پر نیٹو کے جنگی طیاروں کی بمباری کے بعد سے معمر قذافی زیر زمین روپوش ہونے پر مجبور ہیں۔ ان کے اس حالیہ خطاب کو نامعلوم مقام سے نشر کرنے کے عمل کو براہ راست خطاب قرار دیا جا رہا ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق قذافی نے نامعلوم مقام سے ٹیلی فون کے ذریعے اس خطاب میں کہا، ’’ نیٹو کو شکست ہوگی، ہم اپنی مرضی کے بغیر اپنے ملک میں کچھ نہیں بدلیں گے، ہم مزاحمت کر رہے ہیں، ہم لڑ رہے ہیں۔‘‘

ان کے اس خطاب سے قبل دارالحکومت طرابلس میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ طرابلس ہی میں قذافی کی رہائش گاہ ہے اور اس شہر پر نیٹو کے جنگی طیارے مسلسل گردش کر رہے ہیں۔

Tripolis Gaddafi Libyen Luftangriff NATO
طرابلس میں ایک سکیورٹی اہلکار نیٹو کی بمباری کے بعد حالات کا جائزہ لیتے ہوئےتصویر: picture alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندے کے مطابق شہر میں ہفتہ کی علی الصبح کم از کم پانچ مزید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ادہر باغیوں کے زیر انتظام مغربی شہر مصراتہ میں جمعہ کو مزید دس افراد کی ہلاکت اور 40 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ باغیوں کے ایک ترجمان احمد حسن کے بقول یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب قذافی کی وفا دار سکیورٹی فورسز نے مصراتہ پر راکٹ برسائے۔ مارے جانے والے تمام نہتے سویلین بتائے جا رہے ہیں۔ احمد حسن کے بقول سکیورٹی فورسز ہر روز ہی مصراتہ پر راکٹ برسا رہے ہیں۔

دوسری جانب لیبیا کے وزیر اعظم بغدادی المحمودی نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت قیام امن کے لیے باغیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ان کے بقول اس مقصد کے لیے مصر، فرانس، ناروے اور تیونس میں ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ ان سے قبل روسی مندوب میخائیل میرگیلوف بھی کہہ چکے ہیں کہ قذافی کے نمائندوں اور باغیوں کے مابین بعض یورپی دارالحکومتوں میں رابطے ہوئے ہیں۔ لیبیا میں باغیوں کی عبوری نیشنل کونسل کے عہدیدار محمود جبریل البتہ ان رابطوں اور مذاکرات کی تردید کر رہے ہیں۔

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے قذافی کے بیٹے سیف الاسلام کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ طرابلس حکومت بین الاقوامی مبصرین کی نگرانی میں انتخابات کروانے کے لیے تیار ہے۔ نیٹو کی ترجمان Oana Lungescu کے بقول، قذافی نے 41 سال تک انتخابات نہیں کرائے، آئین کو بالائے طاق رکھا، اور سیاسی جماعتوں، تجارتی و مزدور اتحاد پر پابندی لگائی رکھی تو ایک آمر کے جمہوریت پسند ہوجانے کا امکان نہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں