1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیپال میں چھوٹے طیارے کا حادثہ، 23 افراد ہلاک

عاطف توقیر24 فروری 2016

بدھ کے روز نیپال میں ایک چھوٹے طیارے کے حادثے میں ہوائی جہاز پر سوار تمام 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طیارے کے حادثے کی وجہ خراب موسم قرار دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1I15Z
Tara Airlines Nepal
تصویر: picture-alliance/dpa/N.Shrestha

ایک مقامی پولیس اہلکار کے مطابق یہ طیارہ ایک نجی کمپنی کا دوہرے پنکھے والے انجنوں کا حامل طیارہ تھا۔ نیپال میں حالیہ کچھ برسوں میں طیارے کے حادثے کا یہ دوسرا خون ریز واقعہ ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق نجی فضائی کمپنی تارا ایئر کا یہ طیارہ دارالحکومت نیپال کے مغرب میں 125 کلومیٹر دور واقع علاقے پوکھارا سے جومسوم کی جانب پرواز کے کچھ دیر بعد لاپتہ ہو گیا تھا۔ حکام کے مطابق کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد اس طیارے کی تلاش کا کام شروع کر دیا گیا تھا۔

جائے حادثہ کے قریبی علاقے میاگدی میں خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں مقامی پولیس افسر بشواراج کھادکا نے بتایا، ’’حادثے کے بعد یہ طیارے ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا۔‘‘

Tara Air Nepal Tenzing Hillary Flugplatz
نجی فضائی کمپنی نے اس حادثے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہےتصویر: Reuters/N.Chitrakar

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حادثے میں ہلاک شدگان میں ایک چینی اور ایک کویتی شہری بھی شامل ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ کے قریبی علاقے میں شدید دھند تھی، جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔

سن 2014 میں بھی اسی طرز کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں سوار 18 افراد مارے گئے تھے۔

نیپال کے شہری ہوابازی کے وزیر آندرا پرساد پوکھاریل کے مطابق اس مسافر طیارے کی تباہی کے بعد امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس طیارے کا ملبہ پہاڑی علاقے میں دور دور تک پھیلا ہوا اور جب کہ مسافروں کی نعشیں بھی اِدھر اُدھر پڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے ہلاک شدگان کی شناخت ممکن نہیں۔

اس واقعے کے بعد متاثرہ علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹر اور پیدل دستے بھی روانہ کیے گئے ہیں۔

فضائی کمپنی کے مطابق اس طیارے میں 20 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے جب کہ مسافروں میں دو بچے بھی شامل تھے۔