1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وال اسٹریٹ ٹریڈنگ اسکینڈل: راجارتنم کو سزا

14 اکتوبر 2011

نیویارک کی ایک عدالت نے وال اسٹریٹ ٹریڈنگ کے اسکینڈل کے حوالے سے سابق فنڈ مینیجر راج راجارتنم کو انسائیڈر ٹریڈنگ پر گیارہ سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

https://p.dw.com/p/12rfK
راج راجارتنمتصویر: AP

اس نوعیت کے مقدمے میں اب تک سنائی جانی والی یہ سب سے طویل مدت کی سزائے قید ہے۔ استغاثہ اس سے بھی زیادہ، یعنی بیس سال قید کی سزا کی توقع کر رہے تھے۔ سری لنکا میں پیدا ہوئے راجا رتنم پر دھوکہ دہی اور سازش کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔ راجارتنم  ایک وقت سات بلین ڈالر کے نیویارک ہیج فنڈ کو ڈیل کر رہے تھے تاہم ان پر یہ الزام ثابت ہوا ہے کہ وہ مخبروں کا ایک ایسا نیٹ ورک چلا رہے تھے جو ان کو کارپوریٹ راز فراہم کرتا تھا۔

جج نے راجارتنم کو سخت تر سزا دینے کی اپیلوں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ راج راجارتنم گردے کی خرابی کا شکار ہیں۔  جج رچرڈ ہولویل کا کہنا تھا کہ جیل اس نوعیت کے مریضوں کی سزا کو اور شدید بنا دیتی ہے۔ جج کا تاہم کہنا تھا کہ راجارتنم کی بیماری بہرحال ان کو سزا سے معافی نہیں دلواسکتی ہے۔

Raj Rajaratnam New York Urteil
راج راجارتنم کے وکیل نے کہا تھا کہ طویل مدت کے لیے قید کی سزا راجارتنم کے لیے موت کی سزا ثابت ہوگیتصویر: dapd

جج نے اپنے فیصلے میں راجارتنم کے ان فلاحی کاموں کا بھی ذکر کیا جو انہوں نے سری لنکا، پاکستان اور امریکہ میں قدرتی آفات سے متاثر ہونے والوں کی امداد کے لیے کیے تھے۔

مقدمے کی سماعت کے موقع پر راجارتنم خاموش دکھائی دیے۔ جب جج نے ان سے پوچھا کہ وہ کوئی بیان دینا چاہتے ہیں تو راجارتنم کا صرف یہ کہنا تھا: ’’کچھ نہیں۔ شکریہ جج صاحب!‘‘

جمعرات کے روز ہونے والے اس مقدمے کی کارروائی اسّی منٹ تک جاری رہی اور اس دوران راجارتنم بظاہر اچھی حالت میں دکھائی دیے۔ قبل ازیں راج راجارتنم کے وکیل نے کہا تھا کہ طویل مدت کے لیے قید کی سزا راجارتنم کے لیے موت کی سزا ثابت ہوگی۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل