1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

واہگہ بارڈر پر 'جھوٹ موٹ کے غصے' میں کمی کا فیصلہ

21 جولائی 2010

پاک بھارت سرحد واہگہ بارڈر پر ہر شام پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران لوگوں کا خون گرما دینے والے جوش اور غصے میں کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مگر وجہ سفارتی نہیں طبی ہے۔

https://p.dw.com/p/OQf6
تصویر: AP

پاکستانی شہر لاہور اور بھارتی شہر امرتسر کے قریب واقع واہگہ بارڈر کراسنگ پر پرچم اتارنے کی تقریب دونوں جانب کے سیاحوں کے لئے غیر معمولی دلچسپی کا باعث ہوتی ہے۔ ہرشام یہ نظارہ دیکھنے کے لئے ہزاروں افراد اس مقام پر جمع ہوتے ہیں۔ کیونکہ اس تقریب کے دوران دونوں ہمسایہ مگر حریف ملکوں کے رینجرز بظاہر جوش، غصے اور قومی جزبات کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں، جس کا جواب دونوں جانب کے عوام پُرجوش نعروں سے دیتے ہیں۔

Neues Tor in Pakistan
ہر شام پرچم اتارنے کی تقریب دیکھنے کے لئے دونوں جانب سے ہزاروں افراد واہگہ بارڈر کراسنگ پر جمع ہوتے ہیں۔تصویر: DW / Tanvir Shahzad

مگر تقریب دیکھنے والے اکثر افراد شاید اس بات سے بے خبر ہوتے ہیں کہ یہ سارا جوش وجذبہ اور غصہ نہ صرف مصنوعی ہوتا ہے بلکہ بالکل ایک ڈرامے کی طرح اس کی ریہرسل بھی کی جاتی ہے اور پھر وقت مقررہ پر بہتر سے بہتر پرفارمنس کے ذریعے اپنے اپنے لوگوں سے داد وصول کی جاتی ہے۔

تاہم بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اب طبی بنیادوں پر اس جوش اور غصے میں نسبتاﹰ کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اخبار نے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے ایک سینیئر اہلکار ہمت سنگھ کے حوالے سے لکھا ہے کہ بھارت کی طرف سے اس پریڈ کے دوران غصے اور جوش کے اظہار میں کمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے پاکستانی حکام نے بھی اتفاق کرلیا ہے۔

ہمت سنگھ کے مطابق اطراف سے پریڈ میں حصہ لینے والے جوانوں کے نچلے جسم کے جوڑوں کو اور خاص طور پر گُھٹنے کے جوڑوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ جن میں سے بعض شدید نوعیت کے ہیں۔ سنگھ کے مطابق اس کی وجہ تقریب کے دوران جوش دکھانے کے لئے زیادہ سے زیادہ طاقت سے پاؤں زمین پر مارنا ہے۔

تاہم یہ خبر دونوں ممالک کے ایسے عوام اور سیاحوں کے لئے مایوسی کا موجب بن سکتی ہے جو یہ تقریب دیکھنے کے لئے واہگہ بارڈر پر جمع ہوتے ہیں اور اپنے رینجرز کے جوانوں کا غصہ اور جوش وجذبہ دیکھ کر خود بھی اس جوش کا حصہ بن جاتے ہیں۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : کشور مُصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں